بی جے پی بھارت کے آئین کو تباہ کر دے گی: محبوبہ مفتی
سرینگر07جنوری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں پی ڈی پی کی سربراہ محبوبہ مفتی نے کہاہے کہ بی جے پی بھارت کے آئین کو تباہ کردے گی۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے اپنے آبائی علاقے بجبہاڑہ میں پارٹی کارکنوںسے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کوئی ملک چاہے کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو اپنے ہی لوگوں کے خلاف جنگ نہیں جیت سکتا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی نے 2019میں جموں و کشمیر کی شناخت کو ختم کر دیا اوراگر اسکو نہ روکا گیاتووہ بھارت کی شناخت اور بنیاد کو بھی ختم کر دے گی۔ انہوں نے کہا کہ بی جے پی نے دفعہ 370کو منسوخ کرکے آئین ہند کی خلاف ورزی کی ہے۔انہوں نے کہاکہ جموں و کشمیر کے لوگوں کے ساتھ بات چیت اور مفاہمت ہی خطے میں پائیدار امن اور خوشحالی کو یقینی بنانے کا واحد راستہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کا کوئی دوسرا حل نہیں ہے ۔محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی نے دعویٰ کیاتھا کہ وہ مسئلہ کشمیر کو حل کرے گی لیکن وہ ناکام رہی۔انہوں نے کہاکہ میرے والد مفتی سعید کی یقین تھا کہ کوئی ملک کتنا ہی طاقتور کیوں نہ ہو، اپنے ہی لوگوں کو شکست نہیں دے سکتا۔ اگر یہ درست نہ ہوتا تو امریکہ ویتنام سے نہیں نکلتا۔ محبوبہ مفتی نے کہا کہ بی جے پی آئین ہند کو کمزور کر رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے 2019میں جموں و کشمیر کی شناخت کو ختم کردیا اور وہ مستقبل میںبھارت کی شناخت اور بنیاد کوبھی ختم کردے گی۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے ہمارا جھنڈااتار دیا اور وہ دن دور نہیں جب یہ ترنگے کو اتارکرزعفرانی جھنڈا لگائے گی ۔