محبوبہ مفتی کیخلاف بی جے پی کا احتجاجی مظاہرہ ، پتلا نذر آتش
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیرمیں بی جے پی نے پی ڈی پی کی صدر محبوبہ مفتی کی طرف سے افغانستان پر طالبان کے قبضے کا حوالہ دیتے ہوئے بھارتی حکومت سے جموںکشمیر کی خصوصی حیثیت کی بحالی کے مطالبے کے خلاف جموں میںاحتجاجی مظاہرہ کیا ، ان کاپتلا جلایا اور ان کے خلاف مقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بی جے پی مقبوضہ کشمیر شاخ کے نائب صدر یدھ ویر سیٹھی کی قیادت میں پارٹی کے سینکڑوں کارکنوںنے جموں میں پریس کلب کے باہر جمع ہوکر محبوبہ مفتی کے خلاف نعرے لگائے اور اشتعال انگیز بیان پرمقدمہ درج کرنے کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر مظاہرین نے محبوبہ مفتی کا پتلا بھی نذر آتش کیا۔بی جے پی کے کارکنوںنے کٹھوعہ ، سانبہ ، اودھمپور اور ریاسی کے اضلاع میں بھی احتجاجی مظاہرے کئے ۔صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے یدھ ویرسیٹھی نے کہاکہ محبوبہ مفتی کے طالبان کے ساتھ روابط کی تحقیقات ہونی چاہیے۔انہوںنے کہاکہ وہ لوگوں کو اکسانے اور مذہبی بنیادوں پر تقسیم کرنے کی کوشش کر رہی ہیں۔ہفتہ کے روز پی ڈی پی کے کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے محبوبہ مفتی نے بھارتی حکومت سے کہا تھا کہ وہ افغانستان سے سبق حاصل کرے جہاں طالبان نے قبضہ کرلیاہے۔انہوںنے بھارت سے کہاتھا کہ وہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں مذاکرات کرے اور اس کی خصوصی حیثیت جو کہ اگست 2019میں منسوخ کی گئی تھی کو بحال کرے۔ انہوںنے افغانستان کا حوالہ دیتے ہوئے بھارت کو خبردار کیا کہ وہ کشمیریوںکے صبر کا امتحان نہ لے اورصورتحال کی سنگینی کا ادارک کرے اور دیکھے کے اس کے ہمسایہ میں کیا ہو رہا ہے۔