کشمیری کل یوم شہدائے جموں منائیں گے
سرینگر05 نومبر (کے ایم ایس)
کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیر ی کل بروز ہفتہ کو یوم شہدائے جموں اس عزم کی تجدید کے ساتھ منائیں گے کہ اپنے ناقابل تنسیخ حق، حق خود ارادیت کے حصول تک شہداء کے مشن کوہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔
کشمیر میڈیاسروس کے مطابق مہاراجہ ہری سنگھ کے سپاہیوں ، بھارتی فوجیوں اور ہندو انتہا پسندوں نے جموں کے مختلف علاقوں میں لاکھوں مسلمانوں کا اس وقت قتل عام کیا تھا جب وہ 1947میں نومبر کے پہلے ہفتے میں پاکستان کی طرف ہجرت کر رہے تھے۔ حریت رہنمائوں اور تنظیموں نے اپنے بیانات میں شہدائے جموںکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ انکی قربانیوں کو رائیگاں نہیں جانے دیا جائے گا۔ بیانات میں کہاگیا کہ شہدائے جموں نے ایک عظیم مقصد کیلئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے اور ان کی قربانیوں کو ہرگز فراموش نہیں کیاجائے گا۔ 1947میں جموں میں مسلمانوں کی نسل کشیُ دنیا کے بڑے سانحات میں سے ایک ہے جب لاکھوں مسلمانوں کو شہید کردیاگیا۔ بیانات میں کہاگیا کہ شہداء کو خراج عقیدت پیش کرنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ ان کے مشن کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھا جائے۔