دہلی میں مسلمانوں کو املاک فروخت نہ کرنے کے پوسٹر چسپاں
نئی دہلی 17جنوری(کے ایم ایس)بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں ہندو انتہاپسندوں نے پوسٹر چسپاں کئے ہیں جن میں ہندوئوں سے کہاگیا ہے کہ وہ اپنے گھریا جائیداد مسلمانوں کو فروخت کرنے سے گریز کریں۔
یہ پوسٹر دہلی کے علاقے برہم پوری میں چسپاں کئے گئے ہیں جن میں ہندوئوں سے کہاگیا ہے کہ وہ اپنی املاک مسلمان خریداروں کو نہ بیچیں۔سوشل میڈیا پر گردش کرنے والے پوسٹر میں کہاگیا ہے کہ مسلمانوں کو املاک فروخت کرنا ممنوع ہے اوراگرکسی نے ایسا کیا تووہ اس کا خود ذمہ دارہوگا۔ پوسٹر میں کہاگیا ہے کہ مستقبل میں صرف ہندوئوں کو اپنا شراکت دار بنایا جائے۔ پوسٹر پر ایک وکیل پردیب شرما کے دستخط ہیں۔
دریں اثناء بھارتی ریاست کرناٹک میں بھی اسلامو فوبیا کا ایک واقعہ پیش آیا ہے جہاں ہندو انتہا پسند تنظیموں بی جے پی اور بجرنگ دل نے منگلورو کے قریب ایک مذہبی میلے میں مسلمان تاجروں کے بائیکاٹ کا بینر لگایاگیا ہے۔ یہ بینر شری مہالنگیشورا مندر کے احاطے میں لگایاگیا ہے۔