بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دینے پر بھارتی فضائیہ کا افسر گرفتار
نئی دہلی22جنوری(کے ایم ایس) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی کے ریلوے اسٹیشن سے ممبئی جانے والی راجدھانی ایکسپریس کی روانگی میں تاخیر کرانے کے لیے بم کی موجودگی کی جھوٹی اطلاع دینے پر بھارتی فضائیہ کے ایک افسر کو گرفتارکیا گیاہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محکمہ ریلوے اور ضلع وسطی کے بم ڈسپوزل سکواڈ کو طلب کر لیا گیا۔ پولیس نے بتایا کہ ریلوے پروٹیکشن فورس بھی آپریشن میں شامل ہوئی، لیکن کوئی دھماکہ خیز مواد نہیں پایاگیا۔ریلوے پولیس کے ڈپٹی کمشنر ہریش ایچ پی نے بتایا کہ موبائل نمبر کو ٹریک کیا گیا اور پتہ چلا کہ بھارتی فضائیہ کے ایک سارجنٹ سنیل سنگوان نے کال کی تھی۔پولیس کے مطابق سنگوان کو ممبئی کے علاقے سانتا کروز میں واقع ایئر فورس اسٹیشن پر اپنی پوسٹنگ کے مقام پر جانے کے لیے ٹرین میں سوار ہونا تھا۔ وہ لیٹ ہوگیا ، اس لئے د ہلی سے ٹرین کی روانگی میں تاخیرکرانے کے لیے ریلوے سے رابطہ کیا۔ڈی سی پی نے کہاکہ کال کرنے والے کو کوچ B-9 ،سیٹ نمبر1سے ٹریس کیا گیا ۔ ان کی شناخت ان کے انڈین ایئر فورس کے شناختی کارڈ کے ذریعے کی گئی۔ وہ موبائل ہینڈ سیٹ بھی جسے کال کرنے کے لیے استعمال کیاگیا، برآمد کر لیا گیا ہے۔کال کرنے والے کا طبی معائنہ کیا گیا جس میں اس بات کی تصدیق ہوئی کہ وہ نشے میں تھا۔ اس کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جا رہی ہے۔