نئی دلی: جہانگیر پوری میں مسلم خاندانوں کو غیر ملکی قرار دینے کی سازش
نئی دلی23 اپریل (کے ایم ایس)بھارتی دارلحکومت نئی دلی کے جہانگیر پوری میں حالیہ تشدد کانشانہ بننے والے کئی مسلمان خاندانوں کی بھارتی شہریت کے بارے میں شبہات کا اظہار کیا جا رہا ہے تاہم ان خاندانوںکا کہنا ہے کہ انکے پاس دستاویزی ثبوت ہے کہ وہ بنگلہ دیش یا روہنگیا سے آنے والے پناہ گزین نہیں بلکہ بھارتی شہری ہیں۔
بھارتی اردو روزنامے ”سیاست “ نے اپنی رپورٹ میں کہا کہ جہانگیر پوری میں مسلم اکثریتی سی بلاک کا علاقہ مغربی بنگال سے تعلق رکھنے والے خاندانوں پر مشتمل ہے جنکا کہنا ہے کہ بعض سیاستدان انہیں نشانہ بنانے اور بنگلہ دیش اور روہنگیا سے غیر قانونی طور پربھارت میں داخل والوں کی حیثیت سے پیش کرنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ان مسلمان خاندانوں کا کہنا ہے کہ انکا بنگلہ دیشن یا روہنگیا سے کوئی تعلق نہیں ہے بلکہ انکے آبا و اجداد مغربی بنگال کے ہوڑہ، مدناپور اور ہلدیا علاقوں سے تعلق رکھتے ہیں ۔ بعض خاندانوں کا تعلق بہار اور اترپردیش سے ہے۔انہوںنے کہا کہ مسلمانوں کو بنگلہ دیش اور روہنگیا سے جوڑنے کی کوششیں افسوسناک ہیں۔