تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اہل قلم کو اہم کردار ادا کرنا ہوگا: ڈاکٹر یوسف خشک
اسلام آباد 04فروری(کے ایم ایس) ا کادمی ادبیات پاکستان کے چیئرمین ڈاکٹر یوسف خشک نے کہا ہے کہ تنازعہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اہل قلم کو اپنی تحریروں کے ذریعے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق انہوں نے یہ بات اکادمی ادبیات پاکستان کے زیر اہتمام حلقہ ارباب ذوق اسلام آباد کے اشتراک سے منعقدہ یوم یکجہتی کشمیرمشاعرے میںابتدائیہ پیش کرتے ہوئے کہی۔ مجلس کی صدارت میں حلیم قریشی اورپروفیسر ڈاکٹر مقصود جعفری شامل تھے۔ نسیم سحر،عبدالقادر تاباںاور فرخندہ شمیم مہمانان خصوصی تھے۔ مشاعرے کی نظامت خلیق الرحمان نے انجام دی۔ ڈاکٹر یوسف خشک نے کہاکہ آپ اور ہم سب جانتے ہیں کہ سات دہائیاں گزر چکی ہیں اب آٹھویں دہائی چل رہی ہے مگر کشمیر کے عوام کے ساتھ مسلسل نانصافیوں اور زیادتیوں میں دن بدن اضافہ ہوتا جارہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ بھارت نے کشمیر پر ظلم کی انتہا کر دی ہے۔ ا نہوں نے کہا کہ عالمی اداروں کا دبائو بڑھانے کا وقت آگیا ہے۔انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کو عالمی سطح پر اجاگر کرنے کے لیے اہل قلم کو اپنی تحریروں کے ذریعے اہم کردار ادا کرنا ہوگا۔ حلیم قریشی نے کہا کہ مسلم آبادی کے اس خطے کا تعلق ہر لحاظ سے پاکستان سے جڑا ہے ۔ کشمیر ہماری شہ رگ ہے، ہم کشمیر کے نہتے شہریوں پر بھارتی فوجیوں کی بربریت کسی صورت برداشت نہیں کر سکتے ۔ انہوں نے کہا کہ اب تو ہر صورت میں اہل قلم نے کشمیر کے مسئلے کو اجاگر کرنا ہے۔ پروفیسرڈاکٹر مقصود جعفری نے کہا کہ مودی حکومت نے سکھو ں، مسلمانوں اوردوسرے مذاہب کے لوگوں پر ظلم و ستم کا بازار گرم کر رکھا ہے اور اسی طرح کشمیر میںبھی ظلم و بربریت کا راج ہے۔ مسئلہ کشمیر اب انسانی مسئلہ بن چکا ہے اورمیں ادیبوںاور شاعروں سے اپیل کرتا ہوں کہ وہ اس مسئلے کی طرف توجہ دیں اور بھارتی فوج کو کشمیر سے نکالنے کے لیے پرزور احتجاج کریں ۔بعد ازاں معروف شاعر حلیم قریشی کی صدارت میں مشاعرہ منعقد ہوا ۔ یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے کلام پڑھنے والوں میں پروفیسر مقصوو جعفری،نسیم سحر، ڈاکٹر فرحت عباس، افشاں عباسی،راحت سرحدی، مظہر شہزاد خان ،خلیق الرحمان، فرخندہ شمیم ، شہلان نصیب، شعبان خالد، شکور احسن، اکبر نیازی، سید رضوان حیدر رضوان، حسیب جمال ، راز احتشام، سمیرا ناز، ثمینہ تبسم، رخسانہ سحر، نصرت یاب نصرت، رخسانہ نازی، شازیہ اکبر، سعید راجہ، ڈاکٹر مظہر اقبال اور دیگر ممتاز شعراء شامل تھے۔