خصوصی دن

اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ کی عمارت تک خصوصی یوم یکجہتی واک کا انعقاد

3405fe51-0ce7-4c3d-99b8-332707ed7785اسلام آباد5فروری(کے ایم ایس)مظلوم کشمیری عوام کے حق خودارادیت کے حصول کے لیے ان کی منصفانہ اور جائز جدوجہد میں ان کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کرنے کیلئے اتوار کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ کی عمارت تک خصوصی یوم یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق دفتر خارجہ کی ترجمان کی جانب سے یوم یکجہتی کشمیر کے موقع پر جاری ایک بیان میں کہاگیا ہے کہ ہر شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے پاکستانی اور دنیا بھر میں مقیم پاکستانی اور کشمیری اس دن کو روایتی جوش و خروش کے ساتھ منا رہے ہیں۔اس تناظر میں اتوار کو اسلام آباد میں وزارت خارجہ سے پارلیمنٹ کی عمارت تک خصوصی یوم یکجہتی واک کا انعقاد کیا گیا۔ واک میں وزارت خارجہ کے افسران اور عملے کے ارکان کے ساتھ ساتھ سکول کے بچوں اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔بیان کے مطابق صدر مملکت ، وزیراعظم اور وزیر خارجہ نے اس موقع پر اپنے خصوصی پیغامات میں کشمیر کاز کے لیے پاکستان کی غیر متزلزل اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کی تجدید کی ہے اور تنازعہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں کے تحت رائے شماری سے حل کرنے پر زور دیا ہے۔ وزیر خارجہ نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی اور سلامتی کونسل کے صدور، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اور او آئی سی کے سیکرٹری جنرل کو خطوط لکھے ہیں تاکہ انہیں بھارت کے غیر قانونی طور پرزیر قبضہ جموں و کشمیر کی تازہ ترین صورتحال سے آگاہ کیا جاسکے۔ان خطوط میں وزیر خارجہ نے جموں و کشمیر کے عوام کو اپنے مستقبل کا خود تعین کرنے کے قابل بنانے کے لیے سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں پر عمل درآمد کا مطالبہ کیا ہے۔ انہوں نے مقبوضہ علاقہ میں انسانی حقوق کی صورتحال پر اقوام متحدہ کی زیر نگرانی تحقیقات کا بھی مطالبہ کیا ہے۔بیان کے مطابق یوم یکجہتی کشمیر پر کشمیریوں کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کے اظہار کے لیے متعدد تقریبات کا اہتمام کیا گیا جن میں مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں اور 5 اگست 2019سے کشمیریوں کے خلاف بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کے خطرناک مضمرات کو اجاگر کیا گیا ہے۔ بیان کے مطابق ان تقریبات میں ملک بھر میں عوامی ریلیاں، سیمینار، ویبینار، پینل ڈسکشن اور تصویری نمائشیں بھی شامل ہیں جبکہ دنیا بھر میں پاکستان کے سفارتی مشنوں نے بھی یوم یکجہتی کشمیر کے حوالے سے خصوصی سرگرمیوں کا اہتمام کیا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button