خراج عقیدت

تہاڑ جیل میں مدفون عظیم کشمیری شہداء محمد مقبول بٹ اور محمد افضل گورو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس

 

WhatsApp Image 2023-02-12 at 12.37.31 PMراولپنڈی 12فروری(کے ایم ایس)تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنمائوں شہید محمد مقبول بٹ اور شہید محمد افضل گورو کی یاد میں ایک تعزیتی ریفرنس میں انہیں شاندار خراج عقیدت پیش کیاگیا اور شہداء کے مشن کو پائیہ تکمیل تک پہنچانے کے عزم کا اعادہ کیاگیا ۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق راولپنڈی میں”مہانامہ کشمیر الیوم” کے دفتر میں مقبوضہ جموں وکشمیر سے تعلق رکھنے والے صحافیوں کی تنظیم ”اوکجا”کے زیر اہتمام تعزیتی ریفرنس میں بھارت کے غاصبانہ قبضے کے خلاف جدوجہد آزادی میں اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا ء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا گیا۔ اس موقع پر کہاگیا کہ کشمیری عوام تاریخ کے تمام تر جبر کے باوجود عظیم اور لازوال جدوجہد جاری رکھے ہوئے ہیں اورکسی طالع آزما کو ان قربانیوں کے ساتھ کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔تعزیتی ریفرنس میں کہا گیا کہ مقبول بٹ اور افضل گورو تحریک آزادی کشمیر کے روشن ستارے ہیں اور اہل کشمیر ان کی قربانیوں کے مقروض ہیں۔وہ تختہ دار پر چڑھ کر ہمیشہ کیلئے سرخرو ہوئے البتہ بھارتی غرور کے سامنے سر تسلیم خم کرنے سے انکار کرکے اہل کشمیر کو سر اٹھا کر جینے کا ہنر سکھاگئے۔مودی اور اس کے حواری اہل کشمیر کی جدوجہد سے اس قدر خوفزدہ اور خائف ہیں کہ پہلے 5اگست 2019کو مقبوضہ جموں و کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کرکے کشمیری عوام پر فوجی محاصرہ مسلط کردیا، لاکھوں غیر کشمیریوں کو مقبوضہ جموں و کشمیر کا ڈومیسائل فراہم کیا گیا اور اب کشمیری عوام کے گھروں اور دوسری املاک کو بلڈوزروں سے ملیا میٹ کیا جارہا ہے ۔اس کے علاوہ کشمیری عوام کی زمینوں پر قبضہ کرکے نوآبادیاتی منصوبے پر عمل کیاجارہا ہے تاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کیاجاسکے ۔ان تمام ظالمانہ اور جابرانہ ہتھکنڈوں کا مقصد کشمیری عوام کو تحریک آزادی سے دستبردار ہونے پر مجبور کرنا ہے۔لہذا عالمی برادری باالعموم اور اقوام متحدہ باالخصوص مودی کے فسطائی اقدامات کا نوٹس لیں۔ریفرنس میں اس بات پر زور دیا گیا ہے کہ تحریک آزادی کشمیر جہاں مختلف محاذوں پر جاری ہے وہیں قلم کے محاذ پر سرگرم ہونے کی ضرورت ہے تاکہ بھارت کے سفاک چہرے کو بے نقاب کیا جاسکے۔ ریفرنس کے اختتام پر مقبول بٹ اور افضل گورو سمیت تمام شہدا ئے کشمیرکے بلندی درجات اور تحریک آزادی کی کامیابی کیلئے دعا کی گئی۔تعزیتی ریفرنس میں شیخ محمدامین،محی الدین ڈار ،اقبال بلوچ ،ارشد حسین ،عبدالعزیز ڈیگو،لطیف ڈار،نعیم الاسد،ظہور احمد،مقصود صوفی،چوہدری رفیق،چوہدری آصف،بلال احمد،جاوید احمد،خالد قریشی،فاروق قیصر،حیدر علی اور شہباز لون نے شرکت کی۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button