بھارت :آر ایس ایس کی طلباء ونگ کی جے این یو میں سماجی مصلحین کی تصویروں کی توڑ پھوڑ
نئی دہلی21فروری(کے ایم ایس) بھارتی دارالحکومت نئی دہلی میں جواہر لال نہرو یونیورسٹی(جے این یو) کی طلباء یونین نے کہاہے کہ ہندوانتہا پسندتنظیم آر ایس ایس کی طلباء ونگ اکھل بھارتیہ ودھیارتی پریشد(اے بی وی پی)سے تعلق رکھنے والے طلباء نے یونیورسٹی میں کئی عظیم سماجی مصلحین کی تصویروں کی توڑ پھوڑ کی ہے ۔
جواہر لال نہرو یونیورسٹی کی طلباء یونین کی صدرآئشی گھوش کے مطابق جن تصویروں کی توڑپھوڑ کی گئی ان میں بی آر امبیدکر، پیریار، بھگت سنگھ، کارل مارکس، جیوتیبا اور ساوتری بائی پھلے کی تصویریں بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہاکہ یہ تصویرین طلباء یونین کے دفتر کی دیواروں پر لگی تھیں جنہیں اے بی وی پی کے طلباء نے نقصان پہنچایا اور اس دوران کئی طلباء بھی زخمی ہوئے۔انہوں نے کہا کہ اے بی وی پی کے طلباء کیمپس میں فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو نقصان پہنچانے کی کوشش کررہے ہیں جسے کسی بھی قیمت پر برداشت نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ یونین تشدد کی اس طرح کی کارروائیوں کی شدید مذمت کرتی ہے۔ آئشی گھوش نے کہاکہ ہندوتوا گروپ نے شیواجی کے یوم پیدائش پر ایک تقریب کا اہتمام کیا جس کے بعد طلباء یونین کے دفتر میں دوسروں کے ساتھ ان کی تصویر بھی لگائی گئی۔انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی ممبئی کے طالب علم درشن سولنکی کی یاد میں کیمپس میں ایک شمع بردار مارچ کا اہتمام کیا گیا تھا جن کو ذات پات کی بنیاد پر قتل کر دیا گیا تھا۔انہوں نے کہا کہ اے بی وی پی کے طلباء نے ذات پات کے خلاف تحریک کو نقصان پہنچانے کے لیے طلباء پر حملہ کیاجس سے کئی طلباء زخمی ہوگئے۔