بھارت :آگرہ میں نماز تراویح کی ادائیگی پر 153سے زائد مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج
آگرہ25 اپریل (کے ایم ایس)بھارتی ریاست اتر پردیش کے شہر آگرہ میں پولیس نے نماز تراویح ادا کرنے پر درجنوں مسلمانوں کے خلاف مقدمہ درج کیاہے۔
ایس ایس پی آگرہ سدھیر کمار سنگھ نے صحافیوں کو بتایا کہ تراویح کی نماز کا اہتمام کرنے پر لوگوں کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔انہوںنے بتایا کہ ماہ رمضان میںآگرہ شہر کی املی والی مسجد میں رات کو نماز تراویح منعقد کی گئی۔سدھیر کمارسنگھ نے کہا اس معاملے کی تحقیقات شروع کردی گئی ہے اور ہم اس کے مطابق کارروائی کریں گے۔ ایم ایم گیٹ پولیس اسٹیشن کے ایس ایچ او اودھیش کمار اوستھی نے بتایا کہ اس معاملے میں ایم ایم گیٹ پولیس اسٹیشن میں ایف آئی آر درج کی گئی ہے۔انہوں نے صحافیوں کو بتایاکہ سید عرفان، حسین، شامی آغا اور دیگر 150افراد کے خلاف ایف آئی آر درج کی گئی ہے جنہوں نے املی والی مسجد کے باہر تراویح ادا کی۔نماز کے منتظمین نے اس الزام کی تردید کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے شرائط و ضوابط پر عمل کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کوئی ٹریفک بلاک نہیں کی گئی اور وہ گزشتہ 40 سال سے اس روایت پر عمل پیرا ہیں۔