دہلی کی تقریب میں مقررین کا مسئلہ کشمیر کے سیاسی حل پر زور
نئی دہلی27فروری(کے ایم ایس)نئی دہلی میں منعقدہ ایک سیمینار کے مقررین نے غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارت کی ظالمانہ پالیسیوں پر شدید تنقید کرتے ہوئے تنازعہ کشمیر کے سیاسی حل پر زور دیاہے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما میر شاہد سلیم سمیت مقررین نے انڈیا انٹرنیشنل سینٹر نئی دہلی میں ”جموں کشمیر: آگے بڑھنے کا راستہ” کے عنوان سے منعقدہ سمینار میں شرکت کرتے ہوئے کہا کہ جموں و کشمیر کے لوگوں کو دیوارکے ساتھ لگایا جا رہا ہے اور وہ بدترین وقت سے گزر رہے ہیں۔انہوں نے بھارت سے مطالبہ کیا کہ وہ جموں کشمیر کے عوام کے جمہوری اور انسانی حقوق کو پامال کرنا بند کرے اور تنازعہ کشمیر کا سیاسی حل تلاش کرنے کے لیے اقدامات کرے۔ کلکتہ میں قائم تھنک ٹینک سینٹر آف پیس اینڈ پروگریس کے زیر اہتمام دن بھر کے مباحثے میں بھارت بھر سے سماجی و سیاسی کارکنوں، صحافیوں اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔