پاکستان کی طرف سے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ
اسلام آباد27فروری(کے ایم ایس)
پاکستان نے اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت کی طرف سے26فروری 2019کو بین الاقوامی قانون اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی کرتے ہوئے کیے گئے فضائی حملوں کیخلاف پاکستان کے مناسب جواب کے آج چار سال مکمل ہوگئے ہیں۔
دفتر خارجہ کی ترجمان نے ایک بیان میں کہاہے کہ 26اور 27فروری 2019کے واقعات بھارت کے جنگی جنون اور پاکستان کی جانب سے زبردست ضبط وتحمل اور ذمہ داری کو ظاہر کرتے ہیں، پاکستان نے گرفتار بھارتی پائلٹ کو امن کیلئے خیر سگالی جذبے کے اظہار کے طور پر واپس کردیا تھا۔انہوں نے کہا کہ بھارت کو اپنے لاپرواہانہ طرز عمل کے نتائج سے آگاہ رہنا چاہیے اور یہ سمجھنا چاہیے کہ پاکستانی قوم اپنی خودمختاری اور علاقائی سالمیت کے مکمل تحفظ کیلئے تیار ہے۔ انہوں مزید کہا کہ پاکستان اس کے ساتھ ساتھ پرامن بقائے باہمی اور دیرینہ تنازعات کے حل کیلئے پرعزم ہے۔ترجمان دفتر خارجہ نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جنوبی ایشیا میں پائیدار امن اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازعہ کے پرامن حل پر منحصر ہے۔