مقبوضہ جموں وکشمیر: ضلع گاندربل میں برفانی تودے گرنے کا انتباہ جاری
سرینگر28فروری(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں حکام نے اگلے 24گھنٹے کے لئے ضلع گاندربل کے بالائی علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا انتباہ جاری کیا ہے۔
جموں و کشمیر ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے آج ایک بیان میں کہا کہ ضلع میں سطح سمندر سے 2500میٹر کی بلندی والے علاقوں میں برفانی تودے گرنے کا امکان ہے۔ ان علاقوں میں رہنے والے لوگوں کو مشورہ دیا گیا ہے کہ وہ احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اگلے احکامات تک برفانی تودے کے خطرے والے علاقوں میں جانے سے گریز کریں۔
دریں اثناء محکمہ موسمیات نے مقبوضہ جموں وکشمیرمیں وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری اور بارش کی پیش گوئی کی ہے۔ محکمہ موسمیات کے ایک عہدیدار نے بتایا کہ28فروری کی شام تک یکم مارچ تک مقبوضہ جموں وکشمیرکے بیشتر مقامات پر وقفے وقفے سے ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارش جبکہ جموں خطے میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ یکم سے 2مارچ کے دوران موسم سرینگر جموں ہائی وے پر، سنتھن ٹاپ اورسادھنا ٹاپ جیسے اہم مقامات پر ٹریفک کی آمد ورفت کو متاثر کر سکتا ہے۔