کل جماعتی حریت کانفرنس کا کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل میںتیزی پر اظہار تشویش
سرینگر16اکتوبر (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے بیگناہ کشمیری نوجوانوں کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات میں تیزی پر شدید تشویش کا اظہار کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہا کہ قابض بھارتی فورسز مقبوضہ علاقے میں بیگناہ نوجوانوں کو جعلی مقابلوں میں مسلسل قتل کر رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ نوجوانوں کو شہید کرنے اور حراست میں لینے جانے کے بعد ان پر شہریوں کے قتل میں ملوث ہونے کے بے بنیاد الزامات عائد کیے جاتے ہیں۔ انہوںنے قابض بھارتی فورسز کے بے بنیاد دعوﺅں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ علاقے کے لوگ نوجوانوں کے خلاف بے بنیاد الزامات کو ہر گز نہیں مانتے۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے بھارتی فوجیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے کے اطراف و اکناف میں جاری جعلی مقابلوں کی اعلیٰ سطحی تحقیقات کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے شہید نوجوانوں کو بھرپور خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ شہداءکے عظیم مشن کو تمام تر بھارتی مظالم کے باوجود اسکے منطقی انجام تک پہنچایا جائے گا۔ ترجمان نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پر زور دیا کہ وہ بھارتی قابض افواج کے ہاتھوں کشمیری عوام کی نسل کشی اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو روکنے کے لیے اقدامات اور مسئلہ کشمیر کیلئے کردار اداکریں۔