مقبوضہ جموں و کشمیر میں بگڑتی ہوئی صورتحال کی ذمہ داربی جے پی حکومت ہے: پینتھرس پارٹی
جموں 18 اکتوبر (کے ایم ایس) غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر نیشنل پینتھرس پارٹی نے شہریوں کے حالیہ قتل کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ علاقے میں بگڑتی ہوئی صورتحال کی ذمہ داربی جے پی حکومت ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پینتھرس پارٹی کے چیئرمین اور سابق وزیر ہرش دیو سنگھ نے جموںمیں جاری ایک بیان میں کہا کہ جموں و کشمیر میں تیزی سے بگڑتی ہوئی سیکورٹی صورتحال سے عسکریت پسندی پر قابوپانے کے بی جے پی حکومت کے بلند وبانگ دعوے بے نقاب ہوگئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جموںوکشمیر کی صورتحال تیزی سے 1990 کی دہائی کی طرف لوٹ رہی ہے اوربی جے پی حکومت صورتحال پر توجہ دینے کے بجائے اپوزیشن جماعتوں کو توڑنے اور اپوزیشن رہنماو¿ں کو اپنی طرف راغب کرنے میں مصروف ہے جو اس سے بھی زیادہ پریشان کن ہے۔ ان کا اشارہ واضح طورپر نیشنل کانفرنس کے صوبائی صدر دیویندر سنگھ رانا اور ان کے ساتھی ایس ایس سلاتھیہ کے بی جے پی میں شامل ہونے کی طرف تھا۔ ہرش دیو سنگھ نے کہا کہ بی جے پی حکومت اپنے فرائض اور ذمہ داریوں پر اپنے سیاسی ایجنڈے کو ترجیح دے رہی ہے۔ انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے جلتی پر تیل چھڑکا ہے جسے بجھانے میں برسوں لگیں گے۔