انسانی حقوق

بھارت مقبوضہ کشمیرمیں خواتین کی عصمت دری کو ایک جنگی ہتھیار کے طورپر استعمال کر رہا ہے،حریت کانفرنس

سرینگر08مارچ(کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنمائوں نے افسوس کا اظہار کیا ہے کہ بھارت کشمیریوں کی حق پر مبنی جدوجہد آزادی کودبانے کشمیری خواتین کی عصمت دری کو ایک جنگی ہتھیار کے طور پر استعمال کر رہا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنما غلام احمد گلزار نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ آج دنیا بھرمیں خواتین کا عالمی دن منایا جا رہا ہے تاہم یہ عالمی دن کشمیری خواتین کیلئے بے معنی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے خواتین کے کھلے عام قتل، تشدد، گرفتار اور عصمت دری کا سلسلہ جاری ہے ۔انہوں نے کشمیر کی بہادر خواتین کو تحریک آزادی میں ان کی عظیم قربانیوں پر شاندار خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ اگرچہ ہر کشمیری بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار ہے تاہم خواتین بھارتی درندگی کا سب سے زیادہ شکار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ کنن پوش پورہ جس میں بھارتی فوجیوں نے ایک ہی رات میں سو کے قریب خواتین کو اجتماعی زیادتی کا نشانہ بنایا اور شوپیاں میں آسیہ اور اسکی بھابھی نیلوفر کو اغوااور عصمت دری کے بعد قتل کردیاتھاجو کہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ظلم وبربریت کی واضح مثالیں ہیں۔ انہوں نے حقوق نسواں کے علمبرداروں پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ کشمیرکی خواتین کی حالت زار کا نوٹس لیں۔کل جماعتی حریت کانفرنس کی رہنماء یاسمین راجہ اور چوہدری شاہین اقبال نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری خواتین تحریک آزادی میں اہم کردار ادا کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہاکہ بھارتی فوجیوں نے جدوجہد آزادی کو دبانے کیلئے گزشتہ 34برس میں ہزاروں خواتین کی عصمت دری کی تاہم انہوںنے کہاکہ بھارت اپنے مذموم عزائم میں کبھی کامیاب نہیں ہو گا۔حریت رہنمائوں نے مقبوضہ علاقے میں خواتین پر ڈھائے جانیوالے بھارتی مظالم پر عالمی برادری کی مجرمانہ خاموشی کی بھی مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ اقوام متحدہ مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی فوج کے ہاتھوں کشمیری خواتین پر جاری ظلم و ستم کا نوٹس لے۔
دریں اثناء کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد کشمیر شاخ کے رہنمائوں محمد سلطان بٹ اور قاضی عمران نے خواتین کے عالمی دن کے موقع پر اسلام آباد میں اپنے بیانات میں کہا کہ خواتین کشمیر کی تحریک آزادی کااہم حصہ ہیں اور ان کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے انسانی حقوق کی عالمی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے خواتین کے خلاف گھنائونے جرائم کی تحقیقات کریں۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button