کشمیری تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں، وزیر اعظم آزاد کشمیر
اسلام آباد 17 مارچ (کے ایم ایس) آزاد جموں و کشمیر کے وزیراعظم سردار تنویر الیاس خان نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے اسلام آباد میں ملاقات کی۔
دونوں رہنماوں نے بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر کی سیاسی اور انسانی حقوق کی صورتحال پر تبادلہ خیال اور مقبوضہ علاقے میں بھارتی فوجیوں کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر شدید تشویش کا اظہار کیا۔
آزاد جموںوکشمیر کے وزیر اعظم نے اس موقع پر کہا کہ کشمیریوں کی جدوجہد قربانیوں سے بھری پڑی ہے اور وہ دن دور نہیں جب وہ اپنا مقصد حاصل کر لیں گے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کشمیریوں کی جدوجہد، ان کے لازوال جذبے اور جذبہ آزادی کو دبانے میں بری طرح ناکام رہا ہے۔
سردار تنویر الیاس نے کشمیر کاز کی بھرپور حمایت پر پاکستان کی حکومت اور عوام کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے پاکستان سے الحاق کو کشمیریوں کی جاری جدوجہد کا حتمی مقصد قرار دیتے ہوئے کہا کہ کشمیری عوام دراصل تکمیل پاکستان کی جنگ لڑ رہے ہیں۔
انہوں نے پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں کشمیریوں کی حمایت اور یکجہتی کے لیے متفقہ قرارداد کی منظوری پر چیئرمین سینیٹ کا شکریہ بھی ادا کیا۔ انہوں نے چیئرمین سینیٹ کو پارلیمنٹ کے ایوان بالا کی گولڈن جوبلی پر مبارکباد دی۔
اس موقع پر چیئرمین سینٹ نے کشمیری شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان کشمیریوں کی سیاسی، اخلاقی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔