غلام محمد صفی کی طرف سے تنازعہ کشمیر کے بلا تاخیرحل پر زور
اسلام آباد 20مارچ(کے ایم ایس)
تحریک حریت جموں و کشمیر کے کنوینر غلام محمد صفی نے دیرینہ تنازعہ کشمیر کے بلا تاخیر حل پر زوردیا ہے ۔
غلام محمد صفی نے اسلامی تعاون تنظیم کے رابطہ گروپ برائے کشمیر کے اجلا س کے بعد اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں کہا کہ پاکستانی قیادت کی جانب سے تنازعہ کشمیر کے بارے میں حالیہ بیانات سے یہ واضح ہوگیا ہے کہ پاکستان کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد آزادی کی حمایت جاری رکھے گا اور اپنے کشمیری بھائیوں کو کبھی تنہا نہیں چھوڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ کل جماعتی حریت کانفرنس کشمیریوں کی حقیقی نمائندہ تنظیم ہے اور یہ اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق تنازعہ کشمیر کے حل تک اپنی جدوجہد جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو انسانیت، عالمی امن اور خطے کی ترقی و خوشحالی کیلئے فوری حل کیاجاناچاہیے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیریوں کوانکے ناقابل تنسیخ حق خودارادیت سے محروم رکھنے سے صرف تباہی اور مشکلات میں اضافہ ہو گا۔ غلام محمد صفی نے کہا کہ کشمیری برابری کے اصول پر یقین رکھتے ہیں اور باقی دنیا سے باوقار اور آزاد زندگی کا مطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دو قومی نظریہ جو کہ 1947میں برصغیر کی تقسیم کے منصوبے کی بنیاد تھا، اب بھی تنازعہ کشمیر کے پرامن اور پائیدار حل کی بنیاد فراہم کرتا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ تحریک حریت جموں و کشمیر کے قائد سید علی گیلانی مرحوم کا نعرہ اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کشمیری پاکستان کو اپنی دفاعی افواج اور کشمیر کاز کے لیے اپنے پیاروں کی قربانی دینے والوں کواپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ دشمن کے ہاتھوں میں کھیلنے والوں کو جان لینا چاہیے کہ وہ دن دور نہیں جب مقبوضہ جموں و کشمیرپاکستان میں شامل ہوجائے گا اور اس طرح قائداعظم محمد علی جناح اور قائد حریت سیدعلی گیلانی کا خواب شرمندہ تعبیر ہو گا ۔