بھارتی سپریم کورٹ کی طرف سے مالیگائوں بم دھماکے سے متعلق مقدمے کی سماعت جلد مکمل کرنے کی ہدایت
نئی دلی 20مارچ(کے ایم ایس)
بھارتی سپریم کورٹ نے بدنام زمانہ تحقیقاتی ادارے این آئی اے کی خصوصی عدالت کو 2008کے مالیگائوں بم دھماکے کے مقدمے کی سماعت جلد از جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی ہے ۔
جسٹس ہری شیکیش رائے اور جسٹس منوج مشراء پر مشتمل سپریم کورٹ کے دو رکنی بنچ نے مالیگائوں بم دھماکے کے متاثرین بشمول سید نثار احمد کی جانب سے دائر عرضداشت کی سماعت کرتے ہوئے این آئی اے عدالت کو مقدمے کی جلد سماعت مکمل کرنے کی ہدایت کی ۔ اس مقدمے میں بھارتی فوج کے کرنل پروہت ، میجر رمیش پادھیائے ، سادھوی پرگیہ سنگھ ٹھاکر، سمیر کلکرنی ، اجے ایکناتھ راہیکر ، سدھاکر دھر دو یدی ، سدھاکر چترویدی کو گرفتار کیاگیا تھا جن کے خلاف این آئی اے کی عدالت میں مقدمہ زیر سماعت ہے ۔
واضح رہے کہ 29ستمبر 2008کو مہاراشٹر کے مسلم اکثریتی شہر مالیگائوں میںموٹر سائیکل بم دھماکے میں چھ افراد ہلاک اور سو سے زائد زخمی ہوگئے تھے۔ابتدائی طور پر اس کیس کی تحقیقات مہاراشٹر کے انسداد دہشت گردی اسکواڈ نے کی تھی۔ تاہم بعد ازاں اپریل 2011میں اسے مزید تفتیش کے لیے این آئی اے کے سپرد کر دیا گیا۔