کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماوں کیطرف سے یوم پاکستان پر مبارکبادکا سلسلہ جاری
سرینگر 23 مارچ (کے ایم ایس) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ﺅں کی طرف سے ” یوم پاکستان “کے موقع پر حکومت پاکستان اور عوام کو مبارکباد کا سلسلہ جاری ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طور پر نظربند رہنما نعیم احمد خان نے نئی دہلی کی بدنام زمانہ تہاڑ جیل سے اپنے ایک پیغام میں کہا کہ پاکستان کو مسلم دنیا میں زبردست سیاسی اہمیت حاصل ہے اور یہ ملک نہ صرف خطے بلکہ پورے دنیا کے مسلمانوں کی امیدوں کا مرکز ہے۔ انہوں نے کہا کہ قیام پاکستان کے لیے بے مثال قربانیاں دی گئیں اور یہ ملک مسلمانوں کے لیے ایک عظیم نعمت ثابت ہوا ہے۔ انہوں نے کشمیر کاز کی مسلسل سیاسی، سفارتی اور اخلاقی حمایت پر پاکستان کا شکریہ ادا کیا۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے دیگر رہنماﺅں خادم حسین، سید سبط شبیر قمی اور مولانا پیر ساجد ندوی نے اپنے بیانات میں کہا کہ کشمیری اور پاکستانی مذہب کے عظیم رشتے میں جڑے ہوئے ہیں اور دنیا کی کوئی طاقت اس رشتے کو ختم نہیں کرسکتی۔ ان کا کہنا تھا کہ قیام پاکستان سے تقریباً ایک ماہ قبل کشمیری نمائندہ قیادت نے 19 جولائی 1947 کو سری نگر میں ایک اجلاس کے دوران الحاق کی قرارداد منظور کی تھی۔ تاہم بھارت نے ایک منصوبہ بند سازش کے تحت 27 اکتوبر 1947 کو سری نگر کے ہوائی اڈے پر اپنی فوجیں اتاریں اور کشمیریوں کی مرضی کے خلاف جموں و کشمیر کی سرزمین پر ناجائز قبضہ کر لیا۔ انہوںنے کہا کہ کشمیری بھارت کے ناجائز قبضے کے خلاف قربانیوں کی ایک بے مثال تاریخ رقم کر رہے ہیں۔
کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنماو¿ں نے کہا کہ پاکستان نہ صرف تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے بلکہ وہ کشمیریوں کے حق خودارادیت کا زبردست حامی اور وکیل ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کا بیان جس میں انہوں نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ انصاف کی فراہمی کو یقینی بنائے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق کشمیری عوام کے ساتھ کیے گئے وعدے کی تکمیل کرے، بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںو کشمیر کے مظلوم عوام کے لیے تقویت کا باعث ہے۔ انہوںنے کہا کہ پاکستان دنیا کا واحد مسلم ملک ہے جو کشمیریوں کے حق خودارادیت کی کھل کر حمایت اور سیاسی، سفارتی اور اخلاقی محاذوں پر ان کی مدد کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کے لوگ اس کے لیے پاکستان کے بے حد مشکور ہیں اور وہ اس کی خوشحالی کے لیے دعا گوہیں۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے لوگ جلد ہی بھارتی تسلط سے آزادی حاصل کر لیں گے اور یوم پاکستان اسی طرح منائیں گے جس طرح پاکستان اور آزاد جموں و کشمیر کے عوام مناتے ہیں۔
دریں اثنا، کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموںوکشمیر شاخ کے رہنماو¿ں سید یوسف نسیم اور گلشن احمد نے اسلام آباد میں اپنے بیانات میں کہا کہ پاکستان اور کشمیر کے عوام جغرافیائی، ثقافتی، مذہبی، معاشرتی، اور تاریخی رشتوںمیں ایک دوسرے سے جڑے ہوئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام پاکستان اور اس کی مسلح افواج کو اپنا نجات دہندہ سمجھتے ہیں اور وہ دن دور نہیں جب جموں و کشمیر پاکستان کا حصہ بنے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ پاک فوج کے سربراہ کے بروقت بیان جس میں تنازعہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے، سے بھارتی تسلط سے آزادی کی منصفانہ جدوجہد میں مصروف کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔