سابق بھارتی فوجیوں کے راجوری اور پونچھ میں احتجاجی مارچ
جموں 04 مارچ(کے ایم ایس)
ماضی میں ناقص خوراک اور سینئرز کے نارواسلوک کے خلاف بھارتی فوج کے حاضر سروس اہلکاروں کے احتجاج کے بعد اب بھارتی فوج کے ریٹائرڈ اہلکاروں نے بھی غیر قانونی طورپر بھارت کے زیر قبضہ جموں وکشمیر کے اضلاع راجوری اور پونچھ میں اپنے مطالبات کے حق میں احتجاجی مظاہرے کئے ہیں ۔
سابق بھارتی فوجیوں نے اپنے مطالبات کے حق میں راجوری قصبے میں ڈپٹی کمشنر آفس کے باہر احتجاجی مارچ کیاجبکہ نوشہرہ قصبے میں سینکڑوں سابق فوجیوں نے جمع ہو کر ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کو تحریری یادداشت پیش کی۔ان سابق فوجیوں نے اپنے مطالبات کے حق میں نعرے لگائے۔ وجے شرما نے نوشہرہ میں احتجاجی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے کہا کہ سابق فوجی اپنی فلاح و بہبود کیلئے ٹھوس پالیسی کے منتظر ہیں۔ اس سے قبل حاضر سروس بھارتی فوجی بھی کئی مواقع پر قابل رحم حالات کے خلاف احتجاج کر چکے ہیں۔بھارتی بارڈر سیکورٹی فورس کے ایک اہلکار تیج بہادر یادو نے نے ماضی قریب میں سوشل میڈیا پلیٹ فارم فیس بک پر ایک ویڈیوز پوسٹ کی تھی جس میں دوران ڈیوٹی اسے اور اس کے ساتھی فوجیوں کو دئے جانے والی ناقص خوراک سے متعلق تھی ۔ویڈیو میں تیج بہادر نے انہیں کھانے کیلئے دی جانیوالی دال کو دکھاتے ہوئے کہاتھا کہ اس میں صرف ہلدی اور نمک ہے، لیکن کوئی ذائقہ نہیں ہے ۔