یادگار شہدائے جلیاں والا باغ کی بے حرمتی پر راہل گاندھی کی مودی پر کڑی تنقید
نئی دلی31 اگست (کے ایم ایس )
بھارت میں کانگریس کے سابق صدر راہل گاندھی نے ملک کی تاریخ کے ایک سیاہ باب جلیاں نوالا باغ کی یادگار کی دوبارہ تعمیر پر مودی حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے اسے شہداء کی بے حرمتی قراردیا ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق راہل گاندھی نے ایک ٹویٹ میں برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہیدوں کی ایسی بے حرمتی وہی کر سکتا ہے جو شہادت کا مطلب نہیں جانتا ہو۔انہوں نے کہاکہ وہ ایک شہید کے بیٹے ہیں ، شہیدوں کی بے عزتی کسی قیمت پر برداشت نہیں کریں گے اور ظلم کے خلاف آواز اٹھائیں گے۔انہوں نے مزیدکہاکہ وہ جنہوں نے آزادی کے لئے کوئی جدوجہد نہیں کی وہ کبھی نہیں سمجھ سکتے جنہوں نے ایسا کیا۔راہل گاندھی نے ٹوئٹ میں سوشل میڈیا پر مودی حکومت پر کی جانیوالی تنقید کا حوالہ دیتے ہوئے کہاکہ جلیانوالا باغ کے شہیدوں کی ایسی بے حرمتی وہی کر سکتا ہے جو شہادت کا مطلب نہیں جانتا۔
یادرہے کہ بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے ہفتہ کے روز تجدید شدہ کمپلیکس کا افتتاح کیاتھا۔ اس پر سوشل میڈیا پر شدید رد عمل سامنے آیا اور لوگوں نے حکومت پر تاریخ کو تہس نہس کرنے کا الزام عائد کیا۔ کچھ صافین نے یہاں تک کہا کہ سیاستدانوں کو شاید ہی کبھی تاریخ کا احساس ہو۔
واضح رہے کہ 13اپریل1919کو امرتسر میں واقع جلیانوالا باغ میں برطانوی فوجیوںنے پر امن اجتماع پراندھادھند فائرنگ کر کے 1000 سے زائد لوگوںکو قتل کردیاتھا جو وہاں Rowlattایکٹ کے خلاف احتجاج کیلئے جمع ہو ئے تھے ۔