مقبوضہ جموں و کشمیر

مقبوضہ کشمیر :حریت رہنمائوں،کارکنوں اور صحافیوں کے گھروںپر چھاپوں کی شدید مذمت

سرینگر07 اپریل (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے بھارتی فورسز اور خفیہ ایجنسیوں کی طرف سے مقبوضہ علاقے میں حریت رہنمائوں ، کارکنوں ، صحافیوں اورانسانی حقوق کے کارکنوں کے گھروں پر چھاپوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہاہے کہ ان کارروائیوں کی وجہ سے پورے جموں و کشمیر میں خوف و دہشت کا ماحول قائم ہو گیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے غیر قانونی طورپر نظر بند جنرل سیکریٹری مولوی بشیر عرفانی نے سرینگر سے جاری ایک بیان میں کہاکہ بھارتی فورسز اورخفیہ ایجنسیوں کی طرف سے رمضان المبارک کے دوران بھی چادر اور چار دیواری کا تقدس پامال کیا جارہا ہے جو کہ انتہای قابل مذمت ہے۔انہوں نے کہاکہ اس عظیم مہینے میں مسلمان یکسو ہوکر اللہ کی رحمتیں و برکتیں سمیٹنے کی سعی کرتے ہیں لیکن ستم ظریفی یہ ہے کہ اس مہینے میں بھی بھارتی ایجنسیاں اور فورسز کشمیریوں پر عتاب کے پہاڑ توڑ رہے ہیں۔ انہوں نے بھارت کی طرف سے انسانی حقوق کی بدترین پامالیوں ، گھروں اور زمینوں سے کشمیریوں کی جبری بے دخلی اور کشمیریوںکی زمینوںکو غیر ریاستی باشندوں کو فروخت پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ حریت رہنماء نے کہا کہ یہ سراسرغیر قانونی اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی ہے جسکا اقوام متحدہ کو فوری نوٹس لینا چاہیے اور بھارت کو ایسا کرنے سے باز رکھناچاہیے۔ انہوں نے کہا کشمیری ایک امن پسند قوم ہے اورمقبوضہ علاقے میں خونریزی کی بڑی وجہ بھارت کی روایتی ضد اور ہٹ دھرمی پرمبنی رویہ ہے۔انہوںنے کہاکہ بھارتی حکمران مذہبی تعصب کی بنیاد پرکشمیریوں کی حق پر مبنی پرامن تحریک آزادی کو دہشت گردی کے ساتھ جوڑنے کے لیے بدترین اور انسانیت کو شرمسار کرنے والے ہتھکنڈے استعمال کر رہے ہیں۔ انہوں نے واضح کیاکہ ایسے اوچھے ہتھکنڈوں کے ذریعے آزادی پسند قیادت کو حق گوئی سے دستبردار اور نا ہی کشمیریوںکی منصفانہ جدوجہد آزادی کو اسکے منطقی انجام تک جاری رکھنے سے روکا جاسکتا ہے ۔مولوی بشیر عرفانی نے اقوام عالم اور انسانی حقوق کی بین الاقوامی تنظیموں سے اپیل کی کہ وہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی ظلم و ستم کو رکوانے کیلئے اپنا اہم کردار ادا کریں اور دیرینہ مسئلہ کشمیر کو کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل کرانے کیلئے بھارت پر دبائو بڑھائیں۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button