بھارتی وزیر قانون کا بیان مضحکہ خیز ہے: دیویندر سنگھ
جموں10 اپریل(کے ایم ایس) غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس کے رہنما ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ بہل نے بھارتی وزیر قانون کرن رجیجو کے حالیہ بیان کو مضحکہ خیز قراردیا ہے جس میں انہوں نے کہاتھا کہ انصاف کے دروازے بلا امتیاز سب کے لیے کھلے ہیں۔
دیویندر سنگھ بہل نے جموں میں جاری ایک بیان میں کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں قانون کی حکمرانی کا کوئی وجودہی نہیں ہے جہاں لوگوں کو اختلاف رائے کرنے پر گرفتار کیا جاتا ہے اور سالوں تک بغیر کسی مقدمے کے جیلوں میں نظربند رکھا جاتا ہے۔ایڈووکیٹ بہل نے کہا کہ بھارتی وزیر قانون کا بیان جھوٹ کا پلندہ ہے اور مقبوضہ جموں و کشمیر کے بارے میں حقائق کو مسخ کرنے کے مترادف ہے جہاں لوگ حق خودارادیت کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں جس کی ضمانت اقوام متحدہ نے دے رکھی ہے۔انہوں نے کہا کہ غیر قانونی طور پر نظر بند کشمیریوں کے لیے منصفانہ اور تیز رفتار ٹرائل ایک خواب ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری نظربندوں کو نہ تو عدالتوں میں پیش کیا جاتا ہے اور نہ ہی کسی قسم کی قانونی مدد حاصل کرنے کی اجازت دی جاتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بھارتی وزیر قانون کے بلند و بانگ دعوئوں کے باوجود کنن پوشپورہ میں زیادتی کا نشانہ بننے والی خواتین گزشتہ تین دہائیوں سے انصاف کی منتظر ہیں۔ایڈوکیٹ دیویندر سنگھ نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ بھارت پر دبا ڈالے کہ وہ ان سیاسی قیدیوں کا آزادانہ، منصفانہ اور تیز رفتار ٹرائل کرے جوجرم بے گناہی کی پاداش میں برسوں سے مختلف جیلوں میں نظر بند ہیں۔