کشمیری تارکین وطن

عالمی برادری مقبوضہ جموں وکشمیر میں ماورائے عدالت قتل کے واقعات کی روک تھام کے لیے کردار ادا کرے: علی رضا سید

Ali raza syed

برسلز: کشمیر کونسل یورپ کے چیئرمین علی رضا سید نے عالمی برادری پر زور دیا ہے کہ وہ غیر قانونی طور پر بھارت کے زیرقبضہ جموں و کشمیر میں دوران حراست اور ماورائے عدالت قتل کے دیگر واقعات کی روک تھام کے لیے اپنا کردار ادا کرے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق علی رضا سید نے برسلز میں جاری ایک بیان میں مقبوضہ جموں وکشمیر میں ضلع پونچھ کے علاقے بفلیاز میں تین کشمیری شہریوں کے دوران حراست بہیمانہ قتل کی شدید مذمت کرتے ہوئے کشمیریوں کے ماورائے عدالت قتل کوفی الفور بند کرنے کا مطالبہ کیا۔واضح رہے کہ بھارتی فوجیوں نے جمعہ کے روز ضلع پونچھ میں محمد شوکت ، شبیر احمد اور محفوظ حسین نامی تین بے گناہ شہریوں کو دوران حراست تشدد کر کے شہید کر دیا تھا۔ علی رضا سیدنے کہا کہ تین کشمیریوں کے دردناک قتل کے واقعے پرنہ صرف مقبوضہ جموں و کشمیر بلکہ آزاد کشمیر اور دنیا کے دیگر ملکوں میں رہنے والے کشمیریوں میں شدید غم و غصہ پایاجاتا ہے۔انہوں نے کہا کہ ظالم مودی حکومت نے حق خودارادیت کے حصول کے لئے کشمیریوں کی منصفانہ جدوجہد کو دبانے کے لیے مظالم کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔ علی رضا سید نے کہاکہ اس المناک واقعے نے بھارت کی ریاستی دہشت گردی کو ایک بار پھر بے نقاب کر دیاہے۔انہوں نے کہا کہ ماورائے عدالت قتل کے یہ واقعات جموں و کشمیر کے مظلوم عوام کی نسل کشی کی بھارتی سازش کا حصہ ہیں جو طویل عرصے سے جاری ہیں۔علی رضا سید نے کہا کہ بھارت کو یاد رکھنا چاہیے کہ وہ کشمیری عوام کے جذبہ حریت کو شکست نہیں دے سکتا اورکشمیری اپنی پرامن جدوجہد مکمل کامیابی تک جاری رکھیں گے۔ چیئرمین کشمیرکونسل یورپ نے عالمی برادری پر زور دیا کہ وہ مظلوم کشمیریوں کے خلاف بھارتی فورسز کے جنگی جرائم کا سنجیدگی سے نوٹس لے۔ انہوں نے پونچھ میں حراستی قتل سمیت ماورائے عدالت قتل کے تمام واقعات کی آزادانہ بین الاقوامی تحقیقات کا مطالبہ کیا تاکہ ان حراستی ہلاکتوں اور ماورانہ عدالت قتل کے مجرموں کو سزا دی جاسکے اور انہیں کیفرکردار تک پہنچایا جاسکے۔علی رضا سید نے عالمی برادری سے اپیل کی کہ وہ جموں و کشمیر کے عوام کو ان کاحق خودارادیت دلانے اور مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرانے کے لیے اپناموثر کردار ادا کرے۔

Channel | Group  | KMS on
Subscribe Telegram Join us on Telegram| Group Join us on Telegram
| Apple 

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button