یوم آزادی کے سلسلے میں اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد کشمیر شاخ کے زیر اہتمام تقریب کا انعقاد
اسلام آباد14اگست(کے ایم ایس)پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر اسلام آباد میں کل جماعتی حریت کانفرنس کی آزاد جموں و کشمیر شاخ کے زیر اہتمام ایک تقریب کا انعقاد کیا گیا۔
تقریب کی صدارت کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں و کشمیر و شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے کی۔ تقریب میں حریت رہنمائوں نے بھی شرکت کی۔ محمود احمد ساغر نے پاکستان کی یومِ آزادی کے پرمسرت موقع پر حکومت پاکستان، مسلح افواج اور پاکستانی عوام کو مبارکباد دی ۔ انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام کے دل پاکستانی عوام کے دلو ں کے ساتھ دھڑکتے ہیں اوراس لازوال رشتے کو دنیا کی کوئی طاقت ختم نہیں کر سکتی۔ حریت رہنمائوں نے کہا کہ مضبوط اور خوشحال پاکستان کشمیر کی آزادی کا ضامن ہے۔اس موقع پر پاکستان کے استحکام اور خوشحالی اور مقبوضہ جموں و کشمیر کی جلد آزادی کے لئے خصوصی دعا کی گئی۔آخرپر پاکستان کے یوم آزادی کی خوشی میں کیک کاٹا گیا۔
دریں اثنا ء جموں و کشمیر پیر پنجال فریڈم موومنٹ کے چیئرمین اسرار احمد اور ڈپٹی چیئرمین قاضی عمران نے ایک مشترکہ بیان میں اس عزم کا اظہار کیا کہ جموں و کشمیر کو بھارتی تسلط سے آزاد اور پاکستان میں شامل کراکے قائد کشمیر سید علی گیلانی کے مشن کو مکمل کیا جائے گا۔