آئین اور بھائی چارے کے تحفظ کیلئےمودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا ضروری ہے:ملکارجن کھڑگے
نئی دلی14اگست(کے ایم ایس)
بھارت میں کانگریس پارٹی کے صدر ملکارجن کھڑگے نے عوام پر ملک میں آئین کو بچانے اور مودی حکومت کی نفرت کی سیاست کے خلاف متحد ہونے پر زوردیا ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ملکارجن کھڑگے نے چھتیس گڑھ میں منعقد ہ ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مودی حکومت پر کڑی تنقید کرتے ہوئے کہاکہ بی جے پی حکومت ملک میں آئینی اداروں کو کس طرح کمزور کر رہی ہے یہ کسی سے ڈھکا چھپا نہیں۔ انہوں نے کہا کہ کانگریس آئین کو بچانے اورلوگوں کے درمیان بھائی چارے کی فضا برقرار رکھنے کی پوری کوشش کر رہی ہے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کی 26سیاسی پارٹیوں کے انڈیا اتحاد کارواں ماہ ممبئی میں دوبارہ اجلاس ہو رہا ہے، جس میں مودی حکومت کے خلاف آئندہ انتخابات کی حکمت عملی پرغور کیاجائے گا۔ کانگریس کے صدر نے مزید کہاکہ ملک میں آئین اور بھائی چارے کے تحفظ کے لیے مودی حکومت کو اقتدار سے بے دخل کرنا ضروری ہے۔ انہوں نے کہا کہ انہیں یقین ہے کہ رواں سال کے آخر میں ہونے والے اسمبلی انتخابات میں ریاست میں بی جے پی کو بدترین شکست ہو گی اور کانگریس پارٹی یہاں بھی برسر اقتدار آئے گی ۔