بھارت میں فرقہ پرست طاقتوں کیخلاف جنگ چھیڑنے کی ضرورت ہے،نائب وزیر اعلیٰ کرناٹک
بنگلورو 16 اگست (کے ایم ایس)انڈین نیشنل کانگریس کے رہنما اور کرناٹک کے نائب وزیر اعلیٰ ڈی کے شیوکمار نے کہا ہے کہ ملک میں فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف جنگ چھیڑنے کی ضرورت ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق نائب وزیر اعلیٰ نے دارلحکومت بنگلورو میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عدم تشدد، امن، رواداری اور بھائی چارے کی بنیادوں پر استوار ملک میں مذہب، ذات پات اور مسلک کے حوالے سے زہر کے بیج بوئے جا رہے ہیں لہذا ایک اور آزادی کی جنگ چھیڑنے اور فرقہ پرست طاقتوں کے خلاف لڑنے کی ضرورت ہے۔
شیوکمار نے کہا کہ ریاست منی پور ریاست میں قتل عام ، ہریانہ میں فرقہ وارانہ جھگڑے اور اتر پردیش میں لنچنگ کے بڑھتے ہوئے واقعات سے واضح ہوتا ہے کہ ملک میں آزادی کو کون کچل رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سالمیت، بقائے باہمی، فرقہ وارانہ ہم آہنگی جیسے آزادی کے مقاصد کا خاتمہ ہو گیا ہے۔ بی جے پی آزادی کی اہمیت کو نہیں سمجھتی کیونکہ زعفرانی پارٹی کی جدوجہد آزادی میں حصہ لینے کی کوئی تاریخ نہیں ہے۔