پاکستان

بھارت کشمیری انسانی حقوق کے کارکنوں کی غیر قانونی نظربندی ختم کرے :ترجمان دفترخارجہ

اسلام آباد:
پاکستان نے بھارت پر خرم پرویز اور عرفان معراج سمیت انسانی حقوق کے کارکنوں کی بلاجواز اورغیرقانونی نظربندی ختم کرنے پر زوردیا ہے ۔
دفترخارجہ کی ترجمان ممتاز زہرہ بلو چ نے جمعرات کواپنی ہفتہ وارپریس بریفنگ میں کہا ہے کہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی کی جانب سے کشمیری انسانی حقوق کے سرگرم کارکنوں خرم پرویز اورعرفان معراج کی گرفتاری اور ان پر لگائے گئے الزامات پر شدید تشویش پر مبنی مراسلہ بھارتی حکومت کو ارسال کیا گیا ہے جوبھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی قابض حکام کے خلاف ایک اور فرد جرم ہے کیونکہ وہ کشمیر میں انسانی حقوق کے محافظوں کو خاموش اور ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ اقوا م متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے انسانی حقوق کی جانب سے بھارتی حکومت کو ارسال کئے گئے مراسلے میں کشمیری انسانی حقوق کے کارکنوں خرم پرویز اورعرفان معراج کی غیرقانونی حراست ، ان کے خلاف عائد کئے گئے الزامات اورنظربندی پر سخت تشویش کا اظہارکیا گیا ہے۔ مراسلہ پر اقوا م متحدہ کے خصوصی ایلچی برائے انسانی حقوق کے دستخط موجود ہیں ۔ خرم پرویز جموں وکشمیرکولیشن آف سول سوسائٹی کے پروگرام کوآرڈینیٹر ہیں جبکہ عرفان معراج اس سوسائٹی کے ریسرچر ہیں اور نئی دہلی کی روہنی جیل میں نظر بند ہیں ۔ ترجمان نے کہاکہ اقوام متحدہ کے خصوصی ایلچی نے اس پر تشویش کا اظہارکیا ہے کہ ان کی گرفتاریاں اورنظربندی ان کے انسانی حقوق کے کام میں غیرقانونی رکاوٹ اورمقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی صورتحال کی مانیٹرنگ میں رخنہ ڈالنے کے مترادف ہے۔انہوں نے کہاکہ یہ مراسلہ بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموں وکشمیر میں بھارتی قابض حکام پر ایک اور فرد جرم ہے کیونکہ یہ کشمیری انسانی حقوق کے محافظوں کو خاموش اور ہراسا ں کرنے کی سلسلے کی ایک کڑی ہے ، ہم بھارت پر زوردیتے ہیں کہ وہ خرم پرویز اورعرفان معراج اوردیگرلاتعداد کشمیری کارکنوں کی بلا جواز اورغیرقانونی نظر بندی ختم کرے جو بھارتی جبر کے خلاف آواز اٹھانے پر جیلوں میں قید ہیں۔ ترجمان دفترخارجہ نے مزیدکہاکہ محمد سائرس سجاد قاضی نے اسد مجید خان کی جگہ سیکرٹری خارجہ کی ذمہ داریاں سنبھال لیں اور وہ پاکستان کے 32ویں سیکرٹری خارجہ ہوں گے، وہ کثیرالجہتی سفارت کاری کا وسیع تجربہ رکھتے ہیں انہوں نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مشن جنیوا میں 1995 سے 1999 تک خدمات سرانجام دیں، وہ 2005 سے 2006 تک نئی دلی میں پاکستان کے ہائی کمشنر ،واشنگٹن ڈی سی میں 2006 سے 2013تک جبکہ 2015سے 2017تک ہنگری اور2017 سے 2022 تک ترکیہ میں پاکستان کے سفیر رہے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button