مشعال ملک نےناروے کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر کو موثر طورپر اجاگر کیا
اسلام آباد:
وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے ناروے کی پارلیمنٹ میں بھارت کے غیر قانونی طور پر زیر تسلط جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کو موثر انداز میں اجاگر کیا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق مشعال ملک نے ناروے کے دورے کے اختتام پر ایک وڈیو پیغام میں ناروے کے عوام اور نارویجن کمیونٹی بالخصوص پاکستانی تارکین وطن اور ناروے کی پارلیمنٹ کی خارجہ امور اور دفاع کی سٹینڈنگ کمیٹی کے رکن ڈیگ انگے السٹین کا ناروے کی پارلیمنٹ میں مسئلہ کشمیر پر سیمینار منعقد کرنے پر شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے اسے ایک تاریخی موقع قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس سے انہیں انسانی حقوق، کشمیریوں کے کیس، کشمیری عوام کی حالت زار اور بین المذاہب ہم آہنگی پر اپنا مقدمہ پیش کرنے کا موقع ملا۔ سیمینار میں ان کی بیٹی نے بھی ناروے کی پارلیمنٹ کے ذریعے دنیا سے اپیل کی کہ ان کے والد محمد یاسین ملک کو بچایا جائے۔انہوں نے کہا کہ وہ اپنے ساتھ ناروے کے لوگوں، سیاست دانوں، سول سوسائٹی اور انسانی حقوق کے کارکنوں کی غیر مشروط محبت، حمایت اور دعائوں کی بہت سی خوبصورت یادیں لے کر جا رہی ہیں۔ مشعال حسین نے اپنے شوہر کی رہائی کے لیے مہم چلانے کی ضرورت پر زور دیا جو بدقسمتی سے بھارت کی ایک جیل کے ایک ڈیتھ سیل میں قید ہیں اور بھارت انہیں پھانسی دینے کا منصوبہ بنا رہا ہے۔ انہوں نے اپیل کی ان کے شوہر محمد یاسین ملک اور انسانیت کوبچانے کے لیے مہم چلائیں۔