بھارت کے چاند مشن کے بارے میں سوشل میڈیا پوسٹ پر سینئر اداکار کے خلاف مقدمہ درج
بنگلورو: بھارت کے چاند مشن” چندریان 3”کے بارے میں ایک سوشل میڈیا پوسٹ پربھارتی پولیس نے ریاست کرناٹک کے ضلع باگل کوٹ میں سینئر اداکار پرکاش راج کے خلاف مقدمہ درج کرلیا ہے ۔
پولیس نے بتایا کہ چندریان 3 کے بارے میں پوسٹ کرنے پر اداکار پرکاش راج کے خلاف شکایت درج کی گئی ہے۔ پولیس نے کہا کہ ہندو تنظیموں کے رہنمائوں نے اداکار کے خلاف ضلع باگل کوٹ کے بناہٹی تھانے میں شکایت درج کرائی ہے اوران کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔سینئر اداکار نے اتوار کے روز مائیکروبلاگنگ سائٹ X پر ایک تصویر شیئر کی تھی جس میں قمیض اور لنگی میں ملبوس ایک شخص کپ میں چائے ڈال رہا ہے۔ انہوں نے تصویر کے ساتھ لکھا”چندریان کاپہلا منظر ابھی موصول ہواہے”۔اس پوسٹ کے بعد سے انہیں شدید ردعمل کا سامنا ہے۔ لوگوں کا کہنا ہے کہ چندریان 3 مشن بھارت کا فخرہے۔سوشل میڈیا پر غم و غصے کے بعد پرکاش راج نے ایکس پر واضح کیا کہ ان کے پوسٹ کا مقصد صرف مذاق تھا۔انڈین اسپیس ریسرچ آرگنائزیشن (ISRO)کے مطابق چندریان3بدھ 23اگست کو بھارت کے معیاری وقت کے مطابق تقریبا 6بجے چاند پر اترے گا۔