مقبوضہ کشمیر کی زمینی صورتحال بی جے پی کے بلند و بانگ دعوئوں کے برعکس ہے ، رمن بھلا
جموں 24اگست (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں انڈین نیشنل کانگریس کے ورکنگ صدر رمن بھلا نے کہا ہے کہ مقبوضہ علاقے کی زمینی صورتحال بھارتیہ جنتا پارٹی کی قیادت کے زبردست ترقی اور پائیدار امن کے دعوئوں کے بالکل برعکس ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق رمن بھلا اور پارٹی کے دیگر رہنمائوں نے یووا راجپوت سبھا کے کارکنوں سے ملاقات کے لیے کٹھوعہ جیل کا دورہ کیا جنہیں جموں کے سارور ٹول پلازہ پر احتجاج کے دوران پولیس نے گرفتار کیا تھا۔رمن بھلا کو قیدیوں سے ملاقات کی اجازت نہیں دی گئی جس پرانہوں نے جیل کے باہر احتجاج کیا ۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے بھلا نے کہا کہ بی جے پی کشمیری عوام سے سب کچھ چھین رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کو بی جے پی حکومت کی طرف سے ملازمتوں سے برطرفی ، املاک پر قبضے اور سیاسی اور شہری حقوق سلب کئے جانے سمیت مقبوضہ علاقے کی خصوصی حیثیت کی منسوخی کی وجہ سے بڑے دھچکے پہنچے ہیں۔کانگریس لیڈر نے کہا کہ بی جے پی کو اپنی عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے مقبوضہ جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر عوامی غم وغصے کا سامنا ہے ۔تاہم انہوں نے کہاکہ بی جے پی حکومت عوام کو درپیش مسائل حل کرنے کیلئے بالکل بھی تیار نہیں ۔ انہوں نے کہا کہ مودی حکومت کشمیری نوجوانوں کو روزگار اور معاشرے کے غریب اور پسے ہوئے طبقوں کو ریلیف فراہم کرنے کے اپنے وعدوں کو پورا نہیں کرسکی ہے ۔انہوں نے کہاکہ اپنی ناکامیوں کو مزید چھپانے کے لیے بی جے پی انتخابات سے کنارہ کشی کر رہی ہے ۔