مسلمان شریعت کے معاملے پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے،مسلم پرسنل لاءبورڈ
نئی دلی 25 اگست (کے ایم ایس)
بھارت میں مسلم پرسنل لاءبورڈ کے 11اراکین پر مشتمل وفد نے لا کمیشن کے سربراہ سے ملاقات کی ہے ۔ وفد میں بورڈ کے صدر مولانا سیف اللہ رحمانی کے علاوہ مفتی مکرم ، نبیلہ جمیل ، قاسم الیاس اور دیگر شامل تھے۔
کشمیرمیڈیا سروس کے مطابق مسلم پرسنل لا بورڈ کے وفد نے کمیشن کے سربراہ اور دیگر اراکین کے ساتھ ملاقات کے دوران واضح الفاظ میں کہا کہ مسلم پرسنل لا قرآن و سنت کا قانون ہے جس میں کسی بھی طرح کی تبدیلی نہیں ہو سکتی ۔وفد نے کہا کہ مسلمان شریعت کے معاملے پر ہرگز کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ لا کمیشن کے ارکان نے اس موقع پر مسلم پرسنل لابورڈ کے وفد سے شادی، حق ملکیت ، اسلام میں شادی کی عمر وغیرہ کے حوالے سے کچھ سوالات کیے جن کے وفد کے ارکان نے تشفی بخش جواب دیے۔
ملاقات کے بعد مسلم پرسنل لا بورڈ کے ترجمان قاسم رسول الیاس نے ذرائع ابلاغ کو بتایا کہ ہم نے لاکمیشن کو بتایا کہ بی جے پی اور آر ایس ایس یکسان سول کوڈ یا یونیفارم سول کوڈ معاملے کو محض 2024کے لوگ سبھا انتخابات کے مدنظر اچھال رہی ہیں۔ انہوںنے کہا کہ لاکمیشن پر واضح کر دیا گیا کہ مسلم پرسنل لابورڈ یونیفارم سول کوڈ کی پرزور مخالف کرتا رہے گا ۔