بی جے پی مقبوضہ کشمیرمیں تیزی سے غیر مقبول ہورہی ہے،فاروق عبداللہ
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں نیشنل کانفرنس کے صدرڈاکٹر فاروق عبداللہ نے کہا ہے کہ عوام دشمن پالیسیوں کی وجہ سے حکمران جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی جموں کے ساتھ ساتھ وادی کشمیر میں بھی تیزی سے مزیدغیر مقبول ہو رہی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق فاروق عبداللہ نے سرینگر میں پارٹی کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی نے جموں خطہ کے لوگوں سے بہت سے وعدے کیے تھے لیکن ان میں سے کسی بھی وعدے کو پورا نہیں کیاگیا ۔انہوں نے کہاکہ بی جے پی نے کشمیریوں کو دھوکہ دیاہے۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ علاقے کی خستہ حال سڑکوں، بجلی کی لوڈ شیڈنگ ، پینے کے صاف پانی کی عدم دستیابی اور سکولوں میں تدریسی عملے کی شدید کمی کی وجہ سے کشمیریوں کو شدید مشکلات کاسامنا ہے ۔ڈاکٹر فاروق نے مزید کہا کہ جموں و کشمیر کی منفرد ثقافت اور تاریخ کو کمزور کرنے کی بہت سی کوششیں کی گئی ہیں اور نیشنل کانفرنس فرقہ پرست پارٹیوں کے کٹھ پتلیوں کو کبھی بھی اپنے قلیل مدتی، انتخابی اور سیاسی مفاد کے لیے لوگوں کو تقسیم کرنے کی اجازت نہیں دے گی۔