پیپلز فریڈم لیگ کی طرف سے معروف مجاہد کمانڈر عبدالخالق گنائی کوشاندار خراج عقیدت
سرینگر16 دسمبر (کے ایم ایس)
غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں جموں و کشمیر پیپلز فریڈم لیگ نے معروف مجاہد کمانڈر عبدالخالق گنائی المعروف جمال افغانی کو ان کے28ویں یوم شہادت پر زبردست خراج عقیدت پیش کیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پیپلز فریڈم لیگ کے ترجمان نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہاہے کہ عبدالخالق گنائی کو1993ء میںکپواڑہ میں گرفتار کرکے 15دسمبر 1993ء کو دوران حراست شہید کردیاگیاتھا۔انہوں نے کہاکہ عبدالخالق گنائی نے1970سے1990تک اپنی جوانی بھارتی تسلط سے آزادی اور حق خودارادیت کے حصول کی خاطر جدوجہد کیلئے لوگوں کو منظم کرنے میں گزاری ۔ انہوں نے کہاکہ عبدالخالق گنائی ایک عظیم محب وطن تھے جنہوں نے آزادی کے پیغام کوہرجگہ عام کیا اور وہ اپنی سادگی اور خلوص کی وجہ سے اس قدر مقبول تھے کہ ہزاروں افرادنے بانڈی پورہ میں ان کی نماز جنازہ میں شرکت کی اور 3 دن تک کشمیر میں معمولات زندگی مفلوج رہے۔ترجمان نے بھارت کی طرف سے جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت کو ختم کرنے اوراس کی مسلم اکثریتی شناخت کو تبدیل کرنے کیلئے کئے گئے تمام غیر قانونی اور غیر جمہوری اقدامات کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے نہتے کشمیریوںکے قتل عام ،نوجوانوں کی گرفتاریوں ، حریت رہنماؤں اورکارکنوں کی طویل نظربندیوں کی بھی مذمت کی۔انہوں نے اقوام متحدہ ، یورپی یونین اوراسلامی تعاون تنظیم سے اپیل کی کہ وہ اپنی ٹیمیں مقبوضہ جموںوکشمیر میں بھیجیں جہاں قابض بھارتی فوجی انسانی حقوق کی سنگین پامالیاں جاری رکھے ہوئے ہیں۔