بھارتی اپوزیشن رہنمائوں کی مودی حکومت پرکڑی تنقید
ناکام خارجہ پالیسی کی وجہ سے بھارت عالمی سطح پر کمزور اور تنہائی کا شکار

اسلام آباد: بھارت میں اپوزیشن رہنمائوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کو بلند دعوئوں اور ناقص خارجہ پالیسی پر کڑی تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہاہے کہ مودی حکومت کی ناکام خارجہ پالیسی کی بدولت بھارت عالمی سطح پر کمزور اور تنہائی کا شکار ہو گیاہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی اپوزیشن رہنمائوں نے کہاہے کہ بھارت کا نام نہاد شائننگ انڈیا اب صرف پابندیوں، تجارتی رکاوٹوں اور ویزا مسائل تک محدود ہے۔اپوزیشن رہنما اسد الدین اویسی نے کہا کہ آپ نے ہائوڈی مودی اور نمستے ٹرمپ جیسی مہم سے کیا حاصل کیا، ایچ ون بی ویزا سے بھارتیوں کو نشانہ بنانا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ امریکا کو ہماری کوئی پرواہ نہیں ۔عام آدمی پارٹی رہنما اروند کیجریوال نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہاکہ مودی جی کچھ تو کریں آخر 140کروڑ عوام کا وزیر اعظم اتنا بے بس کیوں ہے ۔ کانگریس رہنما ملکارجن کھرگے نے کہا کہ ایچ ون بی ویزا رکھنے والے متاثرین میں سے 70 فیصد ہندوستانی ہیں،50فیصد ٹیرف سے 10شعبوں میں 2ہزار700ارب روپے کے نقصان کا تخمینہ ہے ،امریکہ کی طرف سے چاہ بہار بندرگاہ پر عائد پابندیوں سے استثنیٰ ختم ہونے سے بھارت کے سٹریٹجک مفادات کا نقصان ہوا ہے ۔کانگریس رہنما گورو گگوئی نے کہا کہ ایچ ون بی ویزا کے حالیہ فیصلے میں امریکا نے بھارت کے مستقبل کو نشانہ بنایاہے ،مودی کی خاموشی اور دکھاوا بھارتی شہریوں کیلئے نقصان دہ ثابت ہو رہاہے ۔ کپل سیبال نے کہا کہ ایچ ون بی ویزا پر عائد پابندیوں کے بعد جھوٹ، دھوکے اور تکبر پر چلنے والی مودی حکومت کی خارجہ پالیسی زمین بوس ہو چکی ہے،انتہا پسند مودی اپنی سیاسی بقا کیلئے بھارت سمیت پورے خطے کو تباہی کی طرف دھکیل رہا ہے۔








