بھارت
احمد آباد کی عدالت نے دوکشمیریوں کو 2006کے جھوٹے مقدمے میں بری کر دیا
احمد آباد: بھارتی ریاست گجرات کی ایک عدالت نے 2006کے ایک جھوٹے مقدمے میں نظربند مقبوضہ جموں و کشمیر کے دو بے گناہ علما ئے دین کو بری کر دیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق مقبوضہ جموں وکشمیر کے ضلع بارہمولہ سے تعلق رکھنے والے دونوں علمائے دین بلال احمد اور سید ذبیح الدین پر دہشت گردی کی تربیت حاصل کر کے گجرات میں د ہشت گردی پھیلانے کا الزام تھا۔احمد آبادشہر کی ایڈیشنل سیشن کورٹ کے جج جسٹس پرشانت شیٹھ نے یہ کہتے ہوئے ان کو بری کرنے کا حکم دیا کہ گواہوں کے بیانات استغاثہ کے مقدمے سے میل نہیں کھاتے۔بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق جج نے کہا کہ اس بات کا کوئی ثبوت نہیں ہے کہ دونوں دوسرے ملزمان کے ساتھ مل کر کسی دہشت گرد حملے کی منصوبہ بندی کر رہے تھے یا اس میں ملوث تھے۔