وزیر اعظم کی جنرل اسمبلی میں تقریر سے مظلوم کشمیریوں کے حوصلے بندہوئے ہیں، مشعال ملک
اسلام آباد:
نگران وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے انسانی حقوق مشعال حسین ملک نے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے اجلاس سے اپنے خطاب میں مظلوم کشمیریوں کے لیے بھر آواز اٹھانے پر نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ کی تعریف کی۔
مشعال حسین ملک نے اسلام آباد میں ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعظم کے خطاب سے نہ صرف بھارت کا فسطائی چہرہ دنیا کے سامنے بے نقاب ہوا بلکہ اس سے بھارتی ریاستی دہشت گردی کا شکار کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ کہ وزیراعظم نے کشمیریوں کے سفیر اور وکیل کی حیثیت سے عالمی برادری کے سامنے مقبوضہ وادی میں انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزیوں کو اجاگر کیا۔مشعال حسین ملک نے کہا کہ مظلوم کشمیری پاکستان کواپنی امیدوں کے مرکز کے طور پر دیکھتے ہیں کیونکہ نریندر مودی کی زیر قیادت فسطائی بھارتی حکومت نے خوبصورت وادی کشمیر کو مقتل میں تبدیل کر دیا ہے۔
مشعال ملک نے کہا کہ ان کے شوہر یاسین ملک سمیت تمام سرکردہ حریت رہنما بھارت کی غیر قانونی اور بلا جواز قید میں ہیں ،انہیں جعلی اورمن گھڑت مقدمات میں نظر بند کیا گیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ بھارت نہ صرف مقبوضہ جموںوکشمیر میں ریاستی دہشت گردی میں ملوث ہے بلکہ وہ پوری دنیا میں دہشت گردی کی کارروائیاں کر رہا ہے جس کا تازہ ثبوت کینیڈا میں سکھ رہنما کا قتل ہے۔ انہوںنے کہا کہ ہردیپ سنگھ نجرکے قتل نے ہندوتوا حکومت کا مکروہ چہرہ دنیا کے سامنے اچھی طرح بے نقاب کر دیاہے۔مشعال ملک نے اقوام متحدہ پر زور دیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی ریاستی دہشت گردی کا نوٹس لے اور تنازعہ کشمیر کو اپنی پاس کردہ قراردادوں کے مطابق حل کرانے کیلئے کردار ادا کرے۔