آزاد کشمیر

پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مظفرآباد میں بھارت مخالف احتجاجی دھرنا اور ریلی

20230926_104718مظفرآباد:
پاسبان حریت جموں وکشمیر کے زیر اہتمام مظفر آباد میں ایک بھارت مخالف احتجاجی دھرنا دیاگیااورریلی نکالی گئی۔
مظفر آباد میں اقوام متحدہ کے مبصر دفتر کے سامنے احتجاجی دھرنے اور ریلی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی اور اقوامِ متحدہ سے مسئلہ کشمیر کے فوری حل کا مطالبہ کیا۔مظاہرے میں شامل شہریوں نے سیاہ جھنڈے لہرائے اور انہوں نے ہاتھوں میں کتبے اور بینرز اٹھا رکھے تھے جن پر بھارت مخالف نعرے اورمقبوضہ کشمیر میں مودی حکومت کو اسکے جنگی جرائم پر جواب دہ ٹھہرانے کے مطالبات درج تھے ۔ مظاہرین نے "قاتل قاتل مودی قاتل” "ٹیرریسٹ ٹیررسٹ انڈیا ٹیرریسٹ” اور "ویک اپ ویک اپ یو این ویک اپ” جیسے فلک شگاف نعرے لگا ئے ۔ احتجاجی دھرنے کی قیادت پاسبان حریت کے چیئرمین عزیر احمد غزالی، حریت رہنما مشتاق السلام، شوکت جاوید میر، عثمان علی ہاشم، شہباز احمد، عظمت حیات کشمیری،ریاض اعوان،اقبال یاسین اعوان، محمد اسحاق شاہین، چوہدری محمد مشتاق، خواجہ محمد صادق، اسلم اعوان، فیصل فاروق اور محمد فیاض خان نے کی ۔دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ بھارت دنیا بھرمیں دہشتگردی پھیلانے والا ایک بڑا ملک بن گیا ہے جو اپنے مخالفین کیخلاف منظم طور پر دہشتگردی کو استعمال کررہا ہے۔انہوں نے کہاکہ مودی کی زیرقیادت بھارتیہ جنتا پارٹی کی حکومت جنوبی ایشیا اور دنیا بھر میں بدامنی، دہشتگردی اور عدم استحکام پیدا کر رہی ہے۔مقررین نے کہاکہ بھارت مقبوضہ جموںوکشمیر میں نہتے شہریوں کے قتل عام ، انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جنوبی ایشیاء میں جنگی ماحول بھڑکانے میں ملوث ہے ۔انہوں نے کہا کہ نریندر مودی، اجیت دووال، راج ناتھ سنگھ اور امیت شاہ دہشت گرد خفیہ ایجنسی ” را ” کے ذریعے آزاد کشمیر، پاکستان، کینیڈا اور دیگر ملکوں میں اپنے سیاسی مخالفین کو قتل کروانے میں ملوث ہیں۔مقررین نے اقوامِ متحدہ اور دیگر ممالک پر زور دیا کہ وہ جموںو کشمیر میں بھارتی ریاستی دہشتگردی کا نوٹس لیں اور مسئلہ کشمیر کے منصفانہ حل کیلئے اپنی زمہ داریاں پوری کریں۔انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ممبر ممالک ،او آئی سی اوریورپی یونین سے مسئلہ کشمیر کے بارے میں عالمی ادارے کی منظور شدہ قراردادوں پر عملدرآمد کا مطالبہ کیا۔اس موقع پر ایک ریلی بھی نکالی گئی ۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button