سکھ کارکنوں کا قتل مودی حکومت میں بڑھتی ہوئی ریاستی دہشت گردی کا نتیجہ ہے: نگراںوزیر اعظم
اسلام آباد:پاکستان کے نگراں وزیر اعظم انوار الحق کاکڑ نے کہا ہے کہ سکھ کارکنوں کا قتل نریندر مودی کی زیر قیادت بی جے پی کی ہندوتوا حکومت کی سرپرستی میں بڑھتی ہوئی دہشت گردی کا نتیجہ ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق لندن میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان بھارت کی ریاستی سرپرستی میں ہونے والی دہشت گردی کا شکار رہا ہے، خاص طور پر بلوچستان بھارت کی دہشت گردی کی وجہ سے بہت زیادہ متاثر ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت کے مذموم عزائم کی وجہ سے اب دوسری قومیں بھی بھگت رہی ہیں۔انوار الحق کاکڑ نے بھارت میں اقلیتوں کی حالت زار کا ذکر کرتے ہوئے افسوس کا اظہار کیا کہ مسلمان، سکھ اور عیسائی ایک باعزت شہری کے طور پر بھارت میں نہیں رہ سکتے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں اقلیتوں کو دبانے کے لیے نام نہاد گائو رکھشکوں جیسی کئی تحریکوں کی حوصلہ افزائی کی جا رہی ہے۔