پاکستان

سیکورٹی اداروں نے پاکستان میں شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی ایجنٹوں کو گرفتار کرلیا

FO sec Syrus sajjad qaziاسلام آباد:سیکرٹری خارجہ سائرس سجاد قاضی نے کہا ہے کہ سیکورٹی اداروں نے پاکستان میں 2 بیگناہ شہریوں کے قتل میں ملوث بھارتی ایجنٹوں کو گرفتار کر لیا ہے۔
سیکرٹری جارجہ نے آج(جمعرات ) ایک پریس کانفرنس کے دوران کہا کہ گزشتہ برس پاکستانی شہری شاہد لطیف کو سیالکوٹ میں مسجد کے باہر قتل کیا گیا تھا، شاہد لطیف کے قتل میں بھارتی ایجنٹ ملوث ہیں، بھارتی ایجنٹ نے شاہد لطیف کے قتل کا اعتراف کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ شاہد لطیف کو قتل کرنے کے لیے مقامی لوگوں کی خدمات حاصل کی گئیں ۔سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ گزشتہ برس ہی پاکستانی شہری محمد ریاض کو بھی راولاکوٹ میں مسجد میں قتل کیا گیا تھا، بھارتی ایجنٹ نے اجرتی قاتل کے ذریعے محمد ریاض کو قتل کرایا، سکیورٹی فورسز نے اجرتی قاتل کو گرفتار کیا جس نے جرم کا اعتراف کیا،بھارتی ایجنٹ دہشت گردی اور دیگر وارداتوں میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔
سائرس سجاد قاضی نے بتایا کہ بھارت کا عالمی سطح پر محاسبہ کیاجانا چاہیے، ہمارے پاس پاکستان میں بھارتی ایجنٹس کی تفصیلات موجود ہیں، تفتیش سے پتا چلا ہے کہ بھارتی ایجنٹ یوگیش کمار اور اشوک کمار اجرتی قاتلوں کے ذریعے کارروائیاں کرواتے ہیں، ان ایجنٹوں کا سہولت کاروں کے ذریعے پتہ چلاہے ۔سیکرٹری خارجہ کا کہنا تھا کہ کینیڈا اور امریکا میں بھی ایسے ہی کیسز سامنے آئے ہیںلہذا یہ ضروری ہے کہ بھارت کو عالمی سطح پر اس کا جواب دہ بنایا جائے۔
سیکرٹری خارجہ نے بتایا کہ بھارتی ایجنٹس کے اعترافی بیانات بھی ہیں جو اس وقت ہماری تحویل میں ہیں، ہمارے پاس فنانشل ٹرانزیکشنز کے ثبوت بھی موجود ہیں۔
دریں اثنا دفتر خارجہ سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی سکیورٹی اداروں نے بھارت کے دہشت گرد گروہ اور بھارتی ہینڈلرز اور سہولت کاروں جو کہ دہشت گردانہ کارروائیوں اور ٹارگٹ کلنگ میں ملوث تھے کو کامیابی کے ساتھ بے نقاب کیا ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں نے محمد ریاض اور شاہد لطیف کے ٹارگٹ کلرز کو ناقابل تردید شواہد کی روشنی میں گرفتار کیا، قتل میں ملوث ٹارگٹ کلرز، ان کے ساتھیوں اور سہولت کاروں کو اس وقت گرفتار کیا جب وہ پاکستان سے فرار ہونے کی کوشش کر رہے تھے۔
دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ محمد ریاض کو 8 ستمبر 2023 کو راولا کوٹ جب کہ شاہد لطیف کو 11 اکتوبر 2023 کو ڈسکہ میں ٹارگٹ کلرز نے قتل کیا، قتل کیے جانے محمد ریاض اور شاہد طیف پرامن شہری تھے
تحقیقاتی اداروں کے پاس مستند شواہد ہیں کہ اس پوری ٹارگٹڈ کلنگ مہم میں تیسرے ملک میں موجود بھارتی شہری شامل ہیں جو کہ اس کی فنڈنگ کرنے کے ساتھ ساتھ ہدایات بھی دے رہے تھے اور مہم کو کنٹرول بھی کر رہے تھے۔
دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارتی انٹیلی جنس ایجنسی ”را“ ایک عالمی دہشت گرد تنظیم کا کردار ادا کر رہی ہے، اس سے قبل بھی پاکستان میں اور بین الاقوامی سطح پر بھارتی ایجنسیوں کے ریاستی سرپرستی میں ماورائے عدالت قتل کے منصوبے بے نقاب ہو چکے ہیں، بھارت نے گزشتہ سال سکھ رہنما ہردیپ سنگھ نجر کو کینیڈا میں قتل کیا، اس کے بعد بھارت نے امریکا میں مقیم سکھ رہنما گر پتونت سنگھ پنوں کے قتل کا منصوبہ بنایا جو امریکی خفیہ اداروں کی بروقت کارروائی سے بے نقاب ہوا۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button