پاکستان

پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، جلیل عباس جیلانی

اسلام آباد:
وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا ہے کہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق عباس جیلانی نے اسلام آباد میں برطانوی ارکان پارلیمنٹ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام تنازعات کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے کا خواہاں ہے، تاہم بھارت کو مقبوضہ جموں وکشمیر میں 5 اگست 2019 کے اپنے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدامات کو واپس لے کر بات چیت کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنا ہوگا۔وفد میں چیئرمین لیبر فرینڈز آف کشمیر یو کے و ممبر پارلیمنٹ اینڈریو گیوین، وائس چیئرپرسن، لیبر فرینڈز آف کشمیر یو کے ناز شاہ اور وائس چیئرمین، آل پارٹی پارلیمانی گروپ برائے کشمیر سام ٹیری شامل تھے۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ نے مظلوم کشمیری عوام کی حمایت میں آواز اٹھانے پر برطانوی ارکان پارلیمنٹ کو سراہا۔انہوں نے وفد پر زور دیا کہ وہ بھارت کے غیر قانونی طور پر مقبوضہ جموں و کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کے بارے میں عالمی سطح پر آگاہی بڑھانے کے لیے کوششیں بڑھائے۔ انہوں نے مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو ختم کرنے اور تمام سیاسی قیدیوں کی رہائی کی فوری ضرورت پر زور دیا۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت جموں و کشمیر پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی قراردادوں پر عمل درآمد کرے۔وزیر خارجہ نے پاکستان اور برطانیہ کے درمیان دوستی کے تعلق کو مضبوط بنانے میں دورہ کرنے والے اراکین پارلیمنٹ کے کردار کو بھی سراہا۔ وفد کے ارکان نے بھارتی غیر قانونی مقبوضہ جموں وکشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ دیگر تمام انسانی حقوق حق خود ارادیت سے نکلتے ہیں، اس لیے کشمیری عوام کو اس ناقابل تنسیخ حق سے محروم نہیں ہونا چاہیے۔

متعلقہ مواد

جواب دیں

آپ کا ای میل ایڈریس شائع نہیں کیا جائے گا۔ ضروری خانوں کو * سے نشان زد کیا گیا ہے

Back to top button