مقبوضہ کشمیر : بھارتی فورسز کی تلاشی اور محاصرے کی پر تشدد کارروئیاں جاری
سرینگر : غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر میں بھارتی فورسز نے آج جمعہ کو مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی پرتشدد کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کا سلسلہ جاری رکھا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق بھارتی فوجیوں نے شمالی کشمیر کے ضلع بارہمولہ میں سوپور کے علاقے سید پورہ میں آج تیسرے روز بھی بڑے پیمانے پر محاصرے اور تلاشی کی کارروائی جاری رکھی۔ پولیس کے ایک عہدیدار نے میڈیا کو بتایا ہے کہ علاقے میں مجاہدین کی موجودگی کی اطلاع ملنے پر بدھ کی دوپہر کو محاصرے اور تلاشی کی کارروائیاں شروع کی گئی تھیں۔ واضح رہے کہ ضلع بارہمولہ میں گزشتہ چندماہ کے دوران تلاشی کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے اور جگہ جگہ قائم چوکیوں پرراہگیروں کی تلاشی بھی لی جارہی ہے جس سے کشمیری عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔
ادھربھارتی فوجیوں، پیراملٹری اہلکاروں،بدنام زمانہ بھارتی تحقیقاتی ادارے این آئی اے اور دلی کے زیر کنٹرول ریاستی تحقیقاتی ادارے ایس آئی اے نے بھی سرینگر، بانڈی پورہ، اسلام آباد، پلوامہ، کولگام، شوپیاں، کشتواڑ، راجوری، پونچھ، کٹھوعہ اور ریاسی اضلاع کے مختلف علاقوں میں محاصرے اور تلاشی کی کارروائیوں اور گھروں پر چھاپوں کے دوران لوگوںکو ہراساں کرنے کا سلسلہ جاری رکھا۔