محمود ساغر کی ترکیہ میں ہونے والے کار بم دھماکے کی مذمت
اسلام آباد :
کل جماعتی حریت کانفرنس آزاد جموں وکشمیر شاخ کے کنوینر محمود احمد ساغر نے ترکیہ کے دارلحکومت انقرہ میں وزارت داخلہ کی عمارت کے سامنے ہونے والے خود کش کار بم دھماکے کی شدید مذمت کی ہے۔
محمود احمد ساغر نے اسلام آباد میں جاری ایک بیان میں ترک حکومت اور عوام کے ساتھ بھر پور یکجہتی کا اظہار کیا ۔ انہوں نے کہا کہ ترکیہ عالم اسلام کا ایک انتہائی اہم ملک ہے جسکی ابھرتی ہوئی معیشت اور عالمی اثر و رسوخ مسلم دشمن طاقتوںکو بری طرح کھٹک رہا ہے۔انہوںنے کہا کہ ترکیہ نے ہمیشہ کشمیریوں کی حق خودارادیت کی جدوجہد کی حمایت کی جس پر مقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام ترک حکومت کے شکر گزار ہیں۔
محمود احمد ساغر نے واقعے میں زخمی ہونے والے سیکورٹی اہلکاروں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔ترک وزارت داخلہ کی عمارت کے سامنے ہونے والے دھماکے میں دونوں دہشت گرد مارے گئے۔ واقعے میں دو سیکورٹی اہلکار زخمی ہوئے ہیں۔