بھارتی وکیل نے کرکٹ عالمی کپ کے دوران فیلڈمیں نمازپڑھنے پر رضوان کے خلاف شکایت درج کرائی
نئی دہلی: بھارتی وکیل ونیت جندال نے میدان میں نماز پڑھنے پر پاکستانی وکٹ کیپر بلے باز محمد رضوان کے خلاف انٹرنیشنل کرکٹ کونسل میں شکایت درج کرائی ہے۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق ونیت جندال وہی وکیل ہے جس نے پاکستانی پریزینٹر زینب عباس کے خلاف آٹھ سال پرانی ٹویٹ پر شکایت درج کرائی تھی۔ جندال نے میدان میں نماز ادا کرنے اور غزہ کی حمایت میں آواز اٹھانے پر دائیں ہاتھ کے بلے باز کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا۔پاکستان اور ہالینڈ کے درمیان میچ میں وقفے کے دوران محمو رضوان کو حیدرآباد کے راجیو گاندھی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم کے وسط میں نماز پڑھتے ہوئے دیکھا گیا۔رضوان نے آئی سی سی ورلڈ کپ 2023میں سری لنکا کے خلاف میچ وننگ سنچری کے بعد اپنی سنچری غزہ کے لوگوں کے لیے وقف کر دی تھی۔رضوان کے اس عمل نے بھارتی میڈیا میں ہنگامہ بھرپا کر دیا لیکن آئی سی سی نے کوئی کارروائی نہ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ یہ انہوں نے ذاتی حیثیت میں میدان سے باہر کیا تھا۔ونیت جندال نے آئی سی سی کے چیئرمین گریگ بارکلے کو بھیجی گئی اپنی شکایت میں کہاکہ یہ شکایت پاکستان کے کرکٹ کھلاڑی محمد رضوان کے بارے میں ہے جنہیں جمعہ 6اکتوبرکو حیدرآباد میں ہالینڈ کے خلاف آئی سی سی ورلڈ کپ 2023 میں اپنی ٹیم کے افتتاحی میچ کے دوران کرکٹ کے میدان میں نماز پڑھتے ہوئے دیکھا گیاہے۔انہوں نے کہاکہ جب محمد رضوان نے کرکٹ کے میدان میں بہت سے بھارتیوںکے سامنے نماز پڑھی تو وہ جان بوجھ کراپنے مذہب کااظہارتھا جو کھیلوں کی روح کے منافی ہے۔ محمد رضوان کی طرف سے اپنے مذہب کو ظاہر کرنے کا عمل جان بوجھ کر یہ پیغام دینے کے ان کے ارادے کو ظاہر کرتا ہے کہ وہ ایک مسلمان ہے۔ محمد رضوان کی جانب سے میدان میں اپنے مذہب کی نمائندگی کرنے کا عمل اور اس کے بعداپنی جیت غزہ کے عوام کے نام کرنے سے متعلق پریس کانفرنس ان کے مذہبی اور سیاسی نظریے کی مزید تصدیق کرتا ہے۔