گوتم گمبھیر کی پاکستانی کرکٹ ٹیم کے ساتھ بھارتی شائقین کے متعصبانہ رویہ پر کڑی تنقید
اسلام آباد: بھارتی کرکٹ ٹیم کے سابق اوپنر اور ورلڈ کپ کے کمنٹری پینل میں شامل گوتم گمبھیر نے احمد آباد میں پاکستانی ٹیم کے ساتھ بھارتی شائقین متعصبانہ رویے پر کڑی تنقید کی ہے ۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق گوتم گمبھیر نے خلیجی اخبار خلیج ٹائمز میں شائع ہونیوالے اپنے کالم میں لکھا کہ اگرچہ بھارتی ٹیم عالمی کپ کے اپنے تینوں میچ جیتے ہیں لیکن مجھے نہیں لگتا ہم نے بطور بھارتی کرکٹ ٹیم سپورٹرز کے دل بھی جیتے ہیں۔انہوں نے لکھا کہ بھارتی ٹیم کے علاوہ دیگر میچوں کے دوران میچ دیکھنے کیلئے شائقین کی بہت کم تعداد اسٹیڈیموں میں آئی جس نے انہیں حیرت میں ڈال دیا کہ کیا ہم واقعی اس کھیل سے محبت کرتے ہیں یا ہمیں صرف ہندوستانی سپر اسٹارز کا جنون ہے۔گوتم گمبھیر نے بھارتی شائقین کے مخالف ٹیموں کے ساتھ رویے پر بھی تنقید کی اور لکھا کہ پہلے دہلی میں افغانستان اور بھارت کے میچ کے دوران تماشائیوں نے نوین الحق کے ساتھ بدسلوکی کی اور مسلسل اس کے سامنے کوہلی کوہلی کی تکرار کی کیونکہ آئی پی ایل میں دونوں کے درمیان جھگڑا ہوا تھا۔ پھر بعد میں انہوں نے احمد آباد میں ٹاس کے موقع پر پاکستانی کپتان بابر اعظم سے بدسلوکی کی جبکہ باہر جانے والے پاکستانی بلے بازوں پر بھی غیر ضروری فقرے کسے گئے ۔گوتم گمبھیر نے مزید لکھا کہ یہ تصور بھی نہیں کیا جا سکتا کہ ایک ایسا معاشرہ جس نے دنیا کو "پوری دنیا ایک خاندان ہے” کا تصور دیا تھا، اس قدر متضاد ہے۔انہوں نے اپنی قوم کو مخاطب کرتے ہوئے لکھا کہ اگر ہمیں 2036 کے اولمپک کھیلوں کی میزبانی حاصل کرنے ہے تو ہمیں زیادہ غیر جانبدارانہ رویہ اپنانا ہوگا۔انہوں نے ذکر کیا کہ پاکستان ٹیم کے ڈائریکٹر مکی آرتھر نے بھی تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسا نہیں لگتا کہ یہ آئی سی سی ایونٹ ہے۔گوتم گمبھیر نے لکھا کہ وہ بطور کمنٹیٹر احمد آباد میں موجود تھے اور اس طرح کے متعصبانہ رویے کو دیکھ کر انہیں شرمندگی ہوئی ۔انہوں نے مزید لکھا کہ میں کھیلوں میں مسابقت اور من پسند ٹیم کی حمایت کے حق میں ہوں لیکن اس سے ہمیں مخالف ٹیم کے ساتھ بدسلوکی اور انہیں نیچا دکھانے کی بالکل بھی اجازت نہیں مل جاتی ۔