برطانیہ میں دو بھارتی نژاد افراد کو منشیات کی سمگلنگ پرقید کی سزا
لندن: برطانیہ میں دو بھارتی نژاد افراد کو کوکین، بھنگ اور سگریٹ اسمگل کرنے کے جرم میں طویل قید کی سزا سنا کر جیل بھیج دیاگیا ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق61سالہ آنند ترپاٹھی اور39سالہ ورون بھاردواج کو نومبر میں مجرم قراردیئے جانے کے بعد بالترتیب 19سال اور 15سال قید کی سزا سنائی گئی ہے۔انہیں 9,774,220پائونڈ درآمدی ڈیوٹی اور 18.6ملین سگریٹ پر ٹیکس ادا نہ کرنے پر بھی سزا سنائی گئی جو انہوں نے منشیات کی سمگلنگ کے علاوہ تین الگ الگ تاریخوں پر درآمد کئے۔عدالت کو بتایاگیا کہ مجموعی طور پر انہوں نے ستمبر 2021سے نومبر 2022 کے درمیان چار کھیپوں میں 272.86کلو گرام کوکین اور 2,503.36کلو گرام بھنگ سمگل کی۔ منشیات کی قیمت کا تخمینہ 28.9ملین پائونڈ لگایاگیا ہے لیکن اس کو فروخت کرنے سے پہلے ہی حکام نے اسے ضبط کر لیا ۔عدالت کو بتایاگیا کہ ان دو افراد نے برطانیہ کی سڑکوں کو بھاری مقدار میں غیر قانونی منشیات سے بھرنے کی کوشش کی۔ وکیل استغاثہ رچرڈ پارٹریج نے کہا کہ ہمارے معاشرے میں منشیات کی وجہ سے ہونے والاجانی نقصان ناقابلِ بیان ہے۔