مقبوضہ جموں وکشمیر :سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف احتجاج کا سلسلہ جاری
جموں 20: بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں قابض انتظامیہ کی طرف سے بجلی کے پری پیڈ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف احتجاجی مظاہروں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
کشمیر میڈیا سروس کے مطابق جموں کے علاقے کرن باغ میں خواتین اور بچوں سمیت بڑی تعداد میں لوگ سمارٹ میٹروں کی تنصیب کے خلاف سڑکوں پر نکل آئے۔ مظاہرے کی وجہ سے آر ایس پورہ، ستواری اور چٹھہ سمیت کئی علاقوں میں گاڑیوں کی آمدورفت کئی گھنٹوں تک بند رہی۔ مظاہرین نے انتظامیہ کیخلاف شدید نعرے لگائے اور مذکورہ میٹروں کی تنصیب فوری طور پر روکنے کا مطالبہ کیا۔
مظاہرے میں شریک سرجیت سنگھ نامی ایک شخص نے کہا کہ جہاں سمارٹ میٹر لگائے گئے ہیں وہاں بلوں میں اضافے کی شکایات ملی ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ بجلی کی بار بار بندش کے باوجود ہمیں بہت زیادہ بل ادا کرنے پڑتے ہیں جو انصافی ہے لہذا انتظامیہ سمارٹ میٹروں کی تنصیب فوری طور پر روک دے۔
مقبوضہ علاقے میں اب تک کل 20 لاکھ سمارٹ میٹروں میں سے پانچ لاکھ سے زائد نصب کیے جا چکے ہیں۔