آزاد جموں و کشمیر حکومت کا 76واں یوم تاسیس کل منایا جائے گا
میرپور:ریاست جموں و کشمیر کی آزاد حکومت کے قیام کا 76واں یوم تاسیس کل)منگل کو) اس تجدید عہد کے ساتھ منایا جائے گاکہ مقبوضہ جموں و کشمیر کی مکمل آزادی تک جدوجہدآزادی کوہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا۔
کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق اس سال بھی آزاد جموں و کشمیر حکومت کا یوم تاسیس انہی حالات میں منایاجارہا ہے جب بھارت نے چار سال قبل 5اگست کو اپنے شرمناک، یکطرفہ اور غیر قانونی اقدام کے ذریعے اپنے آئین کی دفعہ 370اور 35-Aکو منسوخ کرکے اور اقوام متحدہ کی قراردادوں کی کھلی خلاف ورزی کرتے ہوئے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ ریاست جموں وکشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر دی ہے۔ اقوام متحدہ کی قراردادوں میں کشمیریوں کو آزادانہ اور منصفانہ استصواب رائے کے ذریعے حق خودارادیت دینے کا وعدہ کیاگیا ہے تاکہ وہ اپنے مستقبل کا فیصلہ خود کرسکیں۔آزاد جموں وکشمیر حکومت کا یوم تاسیس ہر سال منایا جاتا ہے جس کو آج سے 76سال قبل 24اکتوبر 1947کو آزاد جموں و کشمیر کے بہادر سپوتوں نے بھارت کے حمایت یافتہ ڈوگرہ حکمرانوں کے چنگل سے آزاد کرایاتھا۔ آزاد جموں و کشمیر میں اس دن کو منانے کے لیے خطے کے تمام دس اضلاع میں خصوصی تقریبات کا انعقاد کیا جائے گا۔مقررین یوم تاسیس کی تاریخی اہمیت پر روشنی ڈالیں گے۔ اس کے علاوہ کشمیری شہداء کے لیے فاتحہ خوانی کے علاوہ تحریک آزادی جموں و کشمیر کی جلد کامیابی اور ریاست آزاد جموں و کشمیر کی ترقی و خوشحالی کے لیے خصوصی دعا ئیںبھی کی جائیں گی۔ آزاد جموں و کشمیر کی حکومت کے یوم تاسیس پرمقبوضہ جموں و کشمیر کے عوام کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کیا جائے گا اور کشمیریوں کی مقامی جدوجہد آزادی کوبین الاقوامی سطح پر اجاگرکرنے کے لیے بیس کیمپ کے کردار کو واضح کرنے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔ منتظمین نے کہا کہ کشمیری اپنے مادر وطن کو بھارتی تسلط سے آزاد کرانے کے لیے منصفانہ اور اصولی جدوجہد کررہے ہیں۔کل دن کا آغاز تحریک آزادی کشمیر کی جلد کامیابی کے ساتھ ساتھ جموں و کشمیر کے عوام کی حتمی منزل پاکستان کے استحکام اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعائوں کے ساتھ کیاجائے گا۔